ایک ہفتے کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئی ہیں۔(فوٹو سبق)
سعودی ہلال الاحمر کو گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد ٹیلی فون کالز موصول ہوئی ہیں۔ ان میں بیشترغیر ضروری تھیں۔
ہلال احمر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مرکزی کنٹرول 997 پر ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد ٹیلی فون کالز وصول کی گئیں جن میں سے 65 فیصد ہنگامی نوعیت کی نہیں تھیں۔
گزشتہ برس ان ہی دنوں موصول ہونے والی ٹیلی فون کالز صرف 40 ہزار تھیں جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ غیر ضروری ٹیلی فون کالز کا تناسب کس قدر بڑھ گیا ہے۔
ویب سائٹ ’سبق نیوز‘ نے ہلال الاحمر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ہلال الاحمر کا اادرہ انتہائی ہنگامی حالت کے لیے ہے جہاں سے انتہائی ہنگامی صورتحال میں ہی مدد طلب کی جاتی ہے۔
غیر ضروری کالز سے ان افراد کی حق تلفی ہونے کا امکان ہوسکتا ہے جو حقیقی اور ہنگامی امداد کے لیے ٹیلی فون کر رہے ہوں جب کہ غیر ضروری کال کی وجہ سے انہیں لائن نہ ملے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملکی حالات کورونا وائرس کی وجہ سےسب سے کے سامنے ہیں۔ غیر ضروری کالز سے اجتناب برتا جائے اور انتہائی ہنگامی حالت میں ہی رابطہ کیاجائے۔
ہلال الاحمر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 65 فیصد ایسی غیر ضروری کالز موصول ہوئیں جن میں سپر مارکیٹ جانے کےلیے کرفیو پاس طلب کیا جارہا تھا۔
بعض لوگ محض کرفیو کے بارے میں استفسار کرتے تھے۔ ہلال الاحمر کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ انتہائی ہنگامی امداد کےلیے کام کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ لوگوں کو چاہئے کہ غیر ضروری کالز کرکے بلا وجہ لائن کو انگیج نہ رکھا جائے ہو سکتا ہے آپکی غیر ضروری کال کی وجہ سے کسی کی جان چلی جائے۔