القنفذہ میں زلزلے کے معمولی جھٹکے
جمعرات 23 اپریل 2020 10:58
ریکٹر سکیل پر جھٹکوں کی شدت 2.7 ریکارڈ کی گئی ہے ( فوٹو: سبق)
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب القنفذہ کمشنری میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گیے ہیں۔
مکہ گورنریٹ نے کہا ہے کہ ’زلزلے کا مرکز القنفذہ کمشنری کے مشرق میں 9 کلو میٹر گہرائی میں تھا‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی جیولوجیکل سروے بورڈ کے ترجمان طارق ابا الخیل نے کہا ہے کہ ’زلزلے کے جھٹکے رات ساڑھے دس بجے محسوس کیے گیے تھے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جھٹکوں کی شدت انتہائی معمولی تھی،ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 2.7 تھی جس کے باعث بہت سے لوگوں کو محسوس نہیں ہوا‘۔
ان کے مطابق ’ القنفذہ کمشنری اور اس پورے علاقے میں زلزلے کے معمولی جھٹکے اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ آچکے ہیں‘۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ’معمولی شدت کے باعث ان کی اہمیت نہیں تاہم بورڈ ان کو ریکارڈ میں رکھتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’رہائشیوں کو اطمینان دلاتے ہیں کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، بورڈ کے ماہرین دن کے 24 گھنٹے زلزلوں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے موجود ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے قبل از وقت انتباہ جاری کر دیا جائے گا، یہ علاقہ ایسے جغرافیائی خطے میں واقع ہے جہاں زلزلے کے جھٹکے اور آتش فشاں کا ایک حد تک احتمال ہے‘۔