حرم میں جمعے کے خطبے کا اردو سمیت 5 زبانوں میں آن لائن ترجمہ
جمعرات 23 اپریل 2020 11:35
خطبوں کے ترجمے آن ایئر کرنے کے لیے ماہرین کی ٹیم کی خدمات حاصل گئیں ( فوٹو : سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ 'حرم مکی میں جمعہ کا خطبہ اور دروس کا 5 زبانوں میں ترجمہ ہوگا۔ آن لائن ترجمے سے دنیا بھر کے مسلمانوں استفادہ کرسکیں گے۔'
سبق ویب سائٹ کے مطابق حرم مکی انتظامیہ کے تحت شعبہ ترجمہ کے سربراہ انجینئر وسام مقادمی نے کہا ہے کہ ’حرم کے تمام دروس سمیت جمعہ کا خطبہ انگریزی، اردو، فرانسیسی، ملایو اور فارسی میں ترجمہ کر کے نشر کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’تمام دروس اور خطبے کا ترجمہ لائیو ہوا کرے گا تاکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو حرم شریف کا پیغام پہنچ سکے‘۔
شعبہ ترجمہ کے سربراہ کے مطابق ’اس سے قبل جمعہ کے خطبے کا ترجمہ حرم مکی میں موجود زائرین سن سکتے تھے، اب اسے آن ایئر کیا جا رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دروس اور خطبوں کے ترجمے آن ایئر کرنے کے لیے جدید آلات اور ماہرین کی ٹیم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں‘۔