Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں لاک ڈاؤن سے مزید 44 لاکھ شہری بے روزگار

اقتصادی ماہرین کے مطابق اپریل میں اڑھائی کروڑ امریکیوں کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے (فوٹو:سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کی وجہ سے  گذشتہ پانچ ہفتوں میں دو کروڑ 65 لاکھ امریکیوں نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواستیں دی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ اپریل 18 کو ختم ہونے والے ہفتے میں 44 لاکھ امریکی شہریوں نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ 
کورونا وائرس نے جہاں لیبر مارکیٹ کو متاثر کیا وہیں تیل کی قیمتوں، مصنوعات کی تیاری، گھروں کی تعمیر و فروخت اور دیگر کاروبار بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق اپریل میں اڑھائی کروڑ امریکیوں کو اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے جو کہ 11 سال میں سب سے بڑا بحران ہے۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے ملک گیر لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہروں میں شدت آئی ہے کیونکہ اس وبا کے نتیجے میں معاشی بحران پیدا ہو رہا ہے اور امریکہ میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکہ میں ملک گیر لاک ڈاون کے خلاف مظاہروں میں شدت آئی ہے (فوٹو:روئٹرز)

دیگر ممالک کی نسبت امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور لاک ڈاؤن کے بعد سے امریکی شہریوں کو بدترین معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
امریکی سینیٹ نے منگل کو 4 کھرب 80 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا جس میں کورونا وائرس کی عالمی وباء سے متاثر ہونے والے چھوٹے کاروباروں کے لیے امداد بھی شامل ہے۔
ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں نے اس سلسلے میں منگل کے روز حکومت کے تجویز کردہ اقدامات پر اتفاق کیا۔ اس سے قبل مارچ میں امریکی تاریخ کا سب سے بڑا اقتصادی امدادی پیکج سامنے آیا تھا۔
کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 700 سے بڑھ گئی ہے۔

لاک ڈاؤن کے بعد سے امریکی شہریوں کو بدترین معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے (فوٹو:روئٹرز)

193 ممالک میں کورونا وائرس کے ساڑھے 26 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے لگ بھگ سات لاکھ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 46 ہزار سات سو 85 ہوگئی ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ لاکھ 42 ہزار سے زیادہ ہے۔
اٹلی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دوسرا ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 85 ہوگئی ہے اور ایک لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار ہوگئی ہے (فوٹو:اے ایف پی)

سپین میں اس مہلک وائرس سے اب تک 22 ہزار 157 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کورونا کے دو لاکھ 13 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز ہیں۔
فرانس میں کورونا وائرس کے نتیجے میں اب تک 21 ہزار 340 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور ڈیڑھ لاکھ سے زایدہ افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
چین میں کورونا وائرس سے چار ہزار 632 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 82 ہزار 798 ہے۔ 

شیئر: