Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کا پاکستانیوں کے لیے راشن پیکج

شاہ سلمان کی طرف سے دیا گیا راشن پنجاب میں تقسیم ہوگا (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فلاحی ادارے کی طرف سے  16 کروڑ 61 لاکھ روپے مالیت کے امدادی سامان کی تقسیم کا جمعے سے آغاز ہوگیا ہے۔
یہ امدادی سامان حکومت پنجاب کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا۔
جمعے کو شاہ سلمان کے فلاحی ادارے 'کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر' کے پاکستان میں قائم دفتر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے راشن بیگز کی صورت میں امدادی سامان جمعرات کو اسلام آباد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے سپرد کیا تھا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے پسماندہ اضلاع کے عوام کے لیے راشن کی شکل میں امدادی سامان کی تقسیم کا مرحلہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

 اس راشن پیکج سے پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے (فوٹو:سوشل میڈیا)

فلاحی ادارے کے نمائندے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے تعاون سے خود متعلقہ اضلاع میں گھر گھر جا کرراشن تقسیم کریں گے۔
اسلام آباد میں شاہ سلمان کے فلاحی ادارے کے ترجمان کے مطابق راشن میں 10 کلو آٹا، پانچ کلو چینی، پانچ کلو چاول،پانچ لیٹر ککنگ آئل، دو کلو خشک دودھ، آدھ اکلو چائے کی پتی، دو کلو کھجوریں شامل ہیں۔
پانچ ٹیمیں راشن کی تقسیم کے امور کی نگرانی کریں گی۔ اس راشن پیکج سے پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

شیئر: