پارسل میں تاخیر،کوریئر کمپنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ
پارسل میں تاخیر،کوریئر کمپنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ
جمعہ 1 مئی 2020 19:35
کوریئر کمپنی نے پارسل دیے گئے پتے پر نہیں پہنچایا.(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی پر کوریئر کمپنی پر ایک لاکھ ریال کا جرمانہ عائد کیا ہے.
العربیہ نیٹ کے مطابق کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کوریئر کمپنی نے پارسل دیے گئے پتے پر نہیں پہنچایا۔
دوسری خلاف ورزی یہ کی کہ پارسل پہنچانے میں تاخیر کی گئی. کمپنی کی یہ کوتاہیاں تحفظ صارفین منشور کی دفعہ 5 کے زمرے میں آتی ہیں.
کمیونیکیشن کمیشن نے مزید بتایا کہ مبینہ خلاف ورزیوں پر کوریئر کمپنی پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا گیا جب کہ اسے تاکید کی گئی کہ ایک ہفتے کے اندر اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے اور آئندہ اس قسم کی غلطیوں میں نہ پڑنے کو یقینی بنائے.
کمیونیکیشن کمیشن نے کمپنی کو تنبیہ کی ہے کہ آئندہ تحفظ صارفین ضوابط کی خلاف ورزی پر اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا اور کمپنی کو بند کردیا جائے گا.
یاد رہے کہ ان دنوں کمیونیکیشن کمیشن کے انسپکٹرز ڈاک خدمات اور لاجسٹک سروس پیش کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہے ہیں.
کرفیو کی وجہ سے ان دنوں اس قسم کی کمپنیوں کی خدمات بے حد اہم ہوگئی ہیں. سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ڈاک اور لاجسٹک خدمات معیاری شکل میں فراہم کرنے کو یقینی بنایا جارہا ہے.