مکہ کےالنکاسہ محلے کی جدید کاری،مزید عمارتیں منہدم
مکہ کےالنکاسہ محلے کی جدید کاری،مزید عمارتیں منہدم
منگل 5 مئی 2020 1:22
النکاسہ میں جدید طرز کے تجارتی مراکز بنائے جائیں گے.(فوٹو سبق)
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کے حکم پر مکہ کے معروف غیرمنظم محلے النکاسہ کی جدید کاری کے منصوبے کاچھٹا مرحلہ شروع کردیا گیا.
النکاسہ میں جدید طرز کے بازار، ہسپتال، سکول، سبزہ زار اور تجارتی مراکز بنائے جائیں گے.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مکہ میونسپلٹی کے تعاون سے النکاسہ سمیت مکہ کے 6 غیرمنظم محلوں کو جدید طرز کے محلوں میں تبدیل کرنے کے لیےاس عظیم الشان منصوبے پر کام کررہی ہے جو خالد الفیصل نے 1428ھ میں شاہ عبداللہ کو پیش کیا تھا.
النکاسہ کے محلے می پرانی عمارتوں سے بجلی، پانی اور ٹیلیفون کے کنکشن کاٹ دیے گئے. مزید 114 عمارتیں منہدم کی جائیں گی. اس سے قبل 600 عمارتوں کو زمیں بوس کیا جاچکا ہے.
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ گورنریٹ کے ترجمان سلطان الدوسری نے بتایا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور مکہ میونسپلٹی کے حکام منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لیے تمام رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات اور اجلاس کر رہے ہیں.
گورنریٹ کے ترجمان نے سعودی نیوز چینل الاخباریہ کو انٹرویو میں کہا کہ منصوبے کا مقصد رہائش، ٹرانسپورٹ، پانی، بجلی اور ٹیلیفون سمیت جملہ خدمات، سکول، ہسپتال، دفاتر، پارک، مساجد، تجارتی مراکز، سماجی و اقتصادی و تفریحی خدمات سے آراستہ جدید طرز کے محلے بنانا ہے.
الدوسری نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے مزید محلوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرکے جدید طرز پراستوار کیا جائے گا.
واضح رہے کہ اب تک مکہ مکرمہ میں دس ہزارعمارتیں منہدم کی جاچکی ہیں. یہ کام انویسٹمنٹ کمپنیوں اور مکہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مختلف منصوبے نافذ کرنے کے لیے کیا ہے.