Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ، متعدد زخمی

سکم سیکٹر میں پہلے بھی کئی بار جھڑپیں ہوئی ہیں (فوٹو: روئٹرز)
چینی سرحد سے متصل انڈیا کی شمال مشرقی ریاست سکم میں سرحد پر گشت کے دوران انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان ایک مختصر جھڑپ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کی وزارت دفاع نے اس واقعے کا ذمہ دار دونوں فریقین کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ فریقوں کے جارحانہ رویے کی وجہ سے فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی سطح پر مذاکرات کے بعد فریقین کے درمیان جھڑپ ختم ہو گئی ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز نے عسکری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جھڑپ کے دوران چار انڈین اور سات چینی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ سنیچر کو پیش آیا۔ تصادم کے وقت 150 کے قریب فوجی سرحد پر موجود تھے۔
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یہ واقعہ سکم سیکٹر میں نکولا کے علاقے میں پیش آیا۔ تاہم یہ تفصیلات نہیں دی گئیں کہ واقعہ کیسے پیش آیا۔

حکام کے مطابق مذاکرات کے بعد جھڑپ ختم ہوگئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا اور چین اکثر ایک دوسرے پر دخل اندازی کا الزام عائد کرتے ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر جھڑپیں کم ہی ہوتی ہیں۔
سرحدی تنازعے پر دونوں ممالک کے درمیان عدم اعتماد پایا جاتا ہے جو 1962 میں ایک مختصر جنگ کی وجہ بھی بنا تھا۔

شیئر: