Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواجہ سراؤں کے لیے پولیس سٹیشن میں خصوصی مرکز

اس مرکز کا مقصد خواجہ سراؤں کے پولیس سے متعلق تحفظات کو ختم کرنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
راولپنڈی پولیس نے خواجہ سراؤں کے لیے خصوصی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں خواجہ سراؤں کے سماجی تحفظ کے لیے کام کرنے والی ریم شریف بطور سہولت کار کردار ادا کریں۔ 
پولیس سٹیشنز میں خواجہ سراؤں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہوگا۔ 
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق خواجہ سراؤں کے لیے ایک مرکز قائم کیا جا رہا ہے جس میں ریم شریف خواجہ سراؤں اور پولیس کے درمیان ایک 'پل کا کردار' ادا کریں گی۔
'ریم شریف خوجہ سراؤں کے سماجی حقوق کے لیے کام کرتی ہیں اس لیے ان کو پولیس اور خواجہ سراؤں کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے لیے چنا گیا ہے۔ ان کی پولیس میں بھرتی نہیں کی گئی اور نہ ہی تنخواہ یا ماہانہ الاؤنس کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔'
حکام کے مطابق راولپنڈی میں قائم کیے جانے والے اس مرکز کا مقصد خواجہ سراؤٰں کے تحفظات کو دور کرنا ہے۔ 
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا کہ اگر پولیس سٹیشنز  میں خواجہ سراؤں کو سہولت فراہم کرنے کے مرکز بنانے کا منصوبہ کامیاب ہوا تو اس کو صوبے بھر تک توسیع دی جائے گی۔ 
'یہ ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے اور اگر اس کے فوائد سامنے آئیں گے تو اسے پورے صوبے میں اپنانے کی تجویز دی جائے گی۔'
نادرا کے اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں ایک ہزار سے زائد خواجہ سرا رجسٹرڈ ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس کا خواتین تھانوں سے متصل خواجہ سراؤں کے لیے مرکز قائم کرنے کا مقصد  پولیس کی خدمات کو آسان اور قابل احترام انداز میں پیش کرنا ہے۔ 
'میں والدین کی قابل فخر بیٹی ہوں '
ریم شریف پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں جبکہ ان کا تعلق پنجاب کے ضلع فیصل آباد سے ہے۔ 

خواجہ سراؤں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)

خواجہ سراؤں کو عمومی طور پر معاشرے تو درکنار والدین کی جانب سے بھی قبول نہیں کیا جوتا۔ 
لیکن ریم شریف کا شمار ان خواجہ سراؤں میں ہوتا یے جنہیں والدین نے قبول کیا اور وہ ان کے ساتھ ہی رہتی ہیں۔ 
ریم شریف نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے میرے والدین نے ہمیشہ سپورٹ کیا اور مجھے جیسے اللہ نے بنایا ویسا ہی قبول کیا ہے۔ میں اپنے والدین اور دیگر چار بہن بھائیوں کے ساتھ ہی رہتی ہوں۔' 
راولپنڈی پولیس میں خواجہ سراؤں کے مرکز میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے والی ریم شریف نے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی یے۔ 
ان کا کہنا ہے کہ 'میں اپنے والدین کے لیے قابل فخر بیٹی ہوں اور میری زندگی کا مقصد خواجہ سراء کمیونٹی کے حقوق کے لیے کام کرنا ہے۔' 

نادرا کے اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں ایک ہزار سے زائد خواجہ سرا رجسٹرڈ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

خواجہ سراؤں کے لیے پولیس سٹیشنز میں قائم کیے جانے والے مرکز کے حوالے سے ریم شریف کہتی ہیں کہ 'میں اس بات کو یقینی بناؤں گی کہ اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لیے کردار ادا کروں اور انہیں ہر لحاظ سے سہولت فراہم کروں۔ میں چاہتی ہوں کہ خواجہ سراؤں کے جو پولیس کے ساتھ براہ راست تحفظات اور خدشات ہیں ان کو ختم کر سکوں۔'

شیئر:

متعلقہ خبریں