Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں کورونا کے متاثرین 45 لاکھ سے زیادہ

تجربے کے لیے پانچ لاکھ برطانوی پاؤنڈز کی فنڈنگ کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی محققین لیبراڈور اور کوکر سپانیئل نسل کے کتوں کی تربیت کر کے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ کیا یہ کتے علامات ظاہر ہونے سے قبل ہی کورونا وائرس کے مریض میں بیماری کا پتا لگا سکتے ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس منصوبے کے لیے برطانوی حکومت کی جانب سے محققین کو پانچ لاکھ پاؤنڈز کی فنڈنگ کی گئی ہے۔ یہ تحقیق لندن سکول آف ہائی جین اینڈ ٹروپیکل میڈیسن اور ڈرہم یونیورسٹی کے محققین کریں گے۔
یہ تحقیق ’میڈیکل ڈیٹیکشن ڈاگز‘ نامی ایک تنظیم کے ساتھ مل کر کی جا رہی ہے جس نے اس سے قبل کتوں کو کینسر، رعشہ کی بیماری اور ملیریا کا سراغ لگانے کے لیے تربیت دی تھی۔
محقیقن کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے چھ ایسے کتوں پر تجربہ کریں گے تو پہلے ہی کینسر کی تشخیص کرنا سیکھ چکے ہیں۔ کتوں کو لندن کے ہسپتالوں میں زیر علاج کورونا کے مریضوں اور صحت مند لوگوں کے سیمپل دیے جائیں گے۔
برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر نے سنیچر کو کہا کہ اگر سراغ رساں کتوں کی تربیت کامیاب رہی تو اس سے کووڈ 19 کی جلد اور کسی ٹیسٹ کے بغیر تشخیص ممکن ہو سکے گی۔
اس منصوبے کی سربراہی کرنے والے محقق جیمز لوگن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سانس کی بیماری سے جسم کی بُو بدل سکتی ہے جس سے ہمیں اُمید پیدا ہوتی ہے کہ کتے کورونا وائرس کا سراغ لگا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے وائرس کی تشخیص میں انقلاب آئے گا اور اس سے لوگوں کی بڑی تعداد کی سکریننگ کرنے میں آسانی ہو گی۔‘
دوسری طرف امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ساڑھے 45 لاکھ  سے بڑھ چکی ہے جبکہ ہلاکتیں تین لاکھ نو ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

امریکہ میں 87 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

عالمی وبا کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں 87 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متاثرین ساڑھے 14 لاکھ کے قریب ہیں۔
برطانیہ اموات کے لحاظ امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور وہاں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 34 ہزار 546 ہے، جبکہ دو لاکھ 41 ہزار سے زیادہ متاثرین ہیں۔
اٹلی میں ہلاک ہونے افراد کی تعداد 31 ہزار 610، فرانس میں 27 ہزار 532، سپین میں 27 ہزار 563، بیلجیئم میں نو ہزار اور جرمنی میں سات ہزار 931 ہے۔

شیئر: