'طبی عملے کے ارکان ہمارے ہیرو ہیں'
’شہزادہ محمد بن سلمان نے پہلے کہا تھا کہ سعودی عوام کی بلند ہمتی طویق پہاڑ کے برابر ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ 'طبی عملے کے ارکان ہمارے ہیرو ہیں جن کی کوششوں سے ہم کورونا بحران پر قابوپا لیں گے۔'
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’آج میں دل کی گہرائیوں سے تمام ہسپتالوں اور صحت مراکز کے ان ہیروز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو دن رات ایک کرکے وبا کے خلاف لڑرہے ہیں۔‘
’سعودی عرب میں کورونا سے ہلاکتوں کی شرح سب سے کم ہے، ہمارے طبی عملے کی کامیابی کا یہی معیار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب بات ملک کے مفاد اور قوم کی خدمت کی ہو تو میرے ہم وطن سب سے آگے ہوتے ہیں، صحت کے شعبے سے وابستہ افراد میں بھی یہی جذبہ موجود ہے۔‘
سعودی وزیر صحت نےکہا کہ ’کورونا وائرس کے کیسز کی روزانہ بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ آپ سب کو معلوم ہے، طبی ٹیمیں گلی محلوں میں جا کے معائنہ کر رہی ہیں۔‘
’وزارت نے عام معائنے کا فیصلہ اس بنیاد پر کیا ہے کہ اس کے پاس ایسی ٹیم موجود ہے جو مشکل صورتحال میں کام کرنے کا ہنر جانتی ہے۔'
’ہم ہر بحران اور ہر مشکل کا مقابلہ کرسکتے ہیں، جیسا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ سعودی عوام کی بلند ہمتی طویق پہاڑ کے برابر ہے۔'