Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے معروف تاجر شیخ صالح کامل انتقال کرگئے

شیخ صالح  کامل نے میڈیا کے میدان میں سرمایہ کاری کی(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب کی مخیر شخصیت اور ارب پتی معروف تاجر شیخ صالح کامل جدہ میں انتقال کر گئے۔
سعودی گزٹ کے مطابق 79 سالہ شیخ صالح عبداللہ کامل کا انتقال ہارٹ اٹیک کے باعث ہوا۔ نامور تجارتی و سماجی شخصیت کو خیراتی کاموں کے سبب ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مشرق وسطی کے بڑے تجارتی گروپ دلہ البرکہ کے بانی اور چیئرمین تھے(فوٹو ایجپٹ ٹوڈے)

صالح عبد الله كامل کا شمار سعودی عرب کے نمایاں ترین کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے متعدد سیکٹروں میں سرمایہ کاری کی جن میں اہم ترین انویسٹمنٹ سیکٹر ہے۔ 
مشرق وسطی کے بڑے تجارتی گروپ دلہ البرکہ کے بانی اور چیئرمین تھے۔ اس گروپ کے زیر انتظام ترقیاتی سرمایہ کاری سے متعلق کئی ادارے اور کمپنیاں موجود ہیں۔ گروپ کی نمایاں ترین سرگرمیاں اسلامی بینکنگ کے سیکٹر میں ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق نامور سعودی تاجر صالح عبد اللہ کامل 2009 سے 2017 تک جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جے سی سی آئی) کے علاوہ اسلامی چیمبر آف کامرس کے چیئرمین بھی رہے۔

او آئی سے کے مابین تجارت بڑھانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

10 اگست ، 2012 کو عرب نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے سعودی عرب میں زکوٰۃ کا مجموعی تخمینہ ایک ٹریلین سعودی ریال لگایا تھا۔
انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ"اتنی خطیر رقم بہت سے معاشی اور معاشرتی مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔"ان کا یہ بھی کہناتھا کہ لوگوں کو غیر منقولہ جائیدادوں کے لئے زکوٰۃ  ادا کرنی چاہئے۔
"ہم مسلمانوں کو اس نظام کے تناظر میں معاشی حکمت کو سمجھنا چاہئے اگر ہم زکوۃ جمع کر کے اس کا صحیح استعمال کریں تو اس سے ہمارے معاشی حالات میں خاطر خواہ بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہیں نومبر 2010 میں ملائیشیا کا اسلامی مالیات کا رائل ایوارڈ ملا۔

انہوں نے سعودی عرب میں زکوٰۃ کا مجموعی تخمینہ ایک ٹریلین ریال لگایا تھا(فوٹو عرب نیوز)

العربیہ نیٹ کے مطابق  شیخ صالح  کامل ان سعودی کاروباری شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے سب سے پہلے میڈیا کے میدان میں سرمایہ کاری کی۔ اس حوالے سے مشہور عرب ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن (اے آر ٹی) ایک کامیاب تجربہ رہا۔ وہ سعودی عرب کے ایک جدید ترین اخبار "مکہ" کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ کامل اپنی وفات تک اخبار کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین رہے۔
وہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مابین تجارت کو نمایاں طور پر بڑھانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔
دلہ البرکا گروپ کے چیئرمین کی حیثیت سے ، انہوں نے علاقائی معاشی قوت کے طور پر سعودی عرب کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں کی قیادت کی۔
 

شیئر: