Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رکن بلوچستان اسمبلی سید فضل آغا کا کورونا سے انتقال

سید فضل آغا 1997 سے 1999 تک بلوچستان کے گورنر رہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
بلوچستان اسمبلی کے رکن اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 79 سال تھی اور وہ گذشتہ دس دنوں سے شدید علیل تھے۔ ایک ہفتہ قبل انہیں علاج کے لیے کوئٹہ لایا گیا تھا جہاں ٹیسٹ کروانے پر کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہیں علاج کے لیے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
اہل خانہ کے مطابق سید فضل آغا کو پشین میں آبائی علاقے حرمزئی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
سید فضل آغا کا تعلق اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام سے تھا اور وہ 2018 کے انتخابات میں پی بی 20 پشین سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ 1997 سے 1999 تک بلوچستان کے گورنر، 1988 سے 1991 تک ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بھی رہے۔ 
وزیراعلٰیٰ بلوچستان جام کمال خان نے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلٰی نے کہا کہ مرحوم ایک سینیئر سیاست دان اور انتہائی نفیس شخصیت کے مالک تھے، ان کا بلوچستان کی سیاست میں ایک اہم کردار رہا ہے۔
وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ سید فضل آغا نے بحیثیت گورنر صوبے  کی ترقی میں بھی نمایاں  کردار ادا کیا، صوبے کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ اب تک بلوچستان کے دو وزرا سمیت تین ارکان اسمبلی میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

شیئر: