خصوصی طیارہ فراہم کرنے پر وزارت صحت کا شکریہ(فوٹو سعودی گزٹ)
سعودی عرب کے جنوبی ریجن عسیر میں سعودی شہری نے اپنی بیمار بیٹی کے لیے سفر کی اجازت مانگی تو وزارت صحت کی جانب سے فضائی طبی ایمبولینس مہیا کر دی گئی۔
سعودی گزٹ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کے دوران ابھا میں سعودی شہری اپنی بیمار بیٹی کو علاج کی غرض سے ریاض لے جانا چاہتا تھا اور وہ سفر کی اجازت کے حصول کے لیے پریشان تھا۔
شہری کو وزارت صحت کی طرف سے ایسی سہولت فراہم کی گئی جس پر شہری ششدر رہ گیا۔ اسے یقین نہیں تھا کہ عسیر سے ریاض شہر تک کے لیے وزارت صحت کی جانب سے خصوصی طیارہ فراہم کیا جا سکتا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت صحت کورونا وائرس کے باعث اس وقت مصروف ترین محکمہ ہے مگر عسیر سے تعلق رکھنے والے شہری حسن الخبرانی کو حکومت کی طرف سے دی گئی سہولت سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ تمام تر بحرانوں میں شہریوں کی سہولیات حکومت کے لیے ہرچیز سے اہم ہیں۔
اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حسن الخبرانی نے العربیہ نیٹ کو بتایا کہ اس نے وزارت صحت کے حکام سے رابطہ کیا اور اپنی 12 سالہ بیٹی کے الریاض میں علاج کے لیے سفر کی اجازت مانگی۔
الخبرانی نے بتایا کہ عسیر سے الریاض تک سفر طویل اور مشکلات سے بھرپور ہے مگر اسے کورونا کے باعث لاک ڈاون کی پابندیوں میں سفر کی اجازت درکار ہے۔
اس پر حکومت کی طرف سے الخبرانی کو اپنی بیٹی کو عسیر سے الریاض میں اسپتال پہنچانے کے لیے خصوصی طیارہ فراہم کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں حکومت نے میرے ساتھ جو حسن سلوک کیا ہے وہ مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔ میں وزارت صحت کے اس احسان کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔
حسن الخبرانی کا کہنا تھا کہ اس کی بیٹی کو دماغی عارضہ لاحق تھا اور وہ دو ماہ سے علاج کے لیے بچی کو الریاض لے جانا چاہتا تھا۔ بچی کا آپریشن کرنا انتہائی ضروری تھا۔
آخرکار وزارت صحت کے حکام سے بیٹی کے علاج کے لیے سفر کی اجازت مانگی تو حکومت کی طرف سے نہ صرف اسے سفر کی اجازت دی بلکہ بچی کو سیکڑوں میل دور لے جانے کے لیے خصوصی طیارہ فراہم کردیا۔
اس نے مجبوری کے عالم میں حکومت کی طرف سے سفر کے لیے خصوصی طیارہ فراہم کرنے پر وزارت صحت کا شکریہ ادا کیا۔
حسن الخبرانی نے کہا کہ یہ سب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی عوام دوست کاوشوں کا نتیجہ ہے۔