فیس بک جعل سازوں سے خبردار کرے گا
فیس بک کے مطابق نیا حفاظتی نظام بہت سے صارفین کو نقصان سے بچائے گا۔ فائل فوٹو: روئٹرز
صارفین کو جعل سازوں سے بچانے کے لیے فیس بک نے کہا ہے کہ وہ اپنے میسنجر ایپلیکیشن میں ایسا نظام متعارف کروائے گا جس سے ایسے مشکوک اکاؤنٹس کی پہچان ہو سکے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فیس بک کے پرائیویسی اینڈ سیفٹی پراڈکٹ مینیجمنٹ کے ڈائریکٹر جے سولیوان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لوگ اکثر ایسے لوگوں سے باتیں کرنے لگ جاتے ہیں، جن کو وہ ٹھیک سے نہیں جانتے اور ان میں سے اکثر جعل ساز نکلتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اکاؤنٹس کو پہچاننا شروع میں مشکل ہوتا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو بھاری نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
'فیس بک کے اس نظام کے تحت، اگر سافٹ ویئر کو صارفین کے درمیان گفتگو مشکوک لگی تو میسنجر پر باتوں کے دوران حفاظتی نوٹس صارفین کو بھیجے جائیں گے۔'
یہ سافٹ ویئر صارفین کے درمیان گفتگو کے مواد کی بنا پر مشکوک اکاؤنٹس کی پہچان کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نیا نظام لاکھوں لوگوں کو نقصان سے بچائے گا۔
فیس بک کے مطابق کے نظام اینڈرائڈ فونز میں استعمال ہونے والے میسنجر ایپ کے لیے مارچ میں متعرف کروایا گیا تھا، جبکہ آئی فونز کے لیے اگلے ہفتے اعلان کیا جائے گا۔