Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک پیج سے 'ویریفائیڈ بیج' ختم

عمران خان سوشل میڈیا پر خاصے متحرک ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے فیس بک بیچ سے تصدیقی نشان کے طور پر لگایا گیا ویریفائیڈ بٹن یا بلیو بیج ہٹا دیا گیا ہے۔
مختلف اداروں، افراد اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے فیس بک پیجز یا ذاتی اکاؤنٹس کو فیس بک کی جانب سے ایک بیج دیا جاتا ہے جس کا مقصد اس بات کی تصدیق ہوتا ہے کہ یہ پیج یا اکاؤنٹ جس فرد، ادارے یا مقصد سے منسلک ہے فیس بک اپنے نظام کے تحت اس کے اصل ہونے کی تصدیق کر چکا ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا کے لیے وزیراعظم کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان کے فیس بک پیج سے ویریفائیڈ بیج کا نشان ہٹایا گیا ہے۔ ان کے بقول 'یہ ہمارے علم میں ہے اور ہم اس معاملے پر فیس بک سے رابطے میں ہیں۔'
انہوں نے بتایا کہ ’فیس بک کی پالیسی کے تحت کسی پیج کے ایڈریس میں آفیشل کا لفظ نہیں ہونا چاہیے، چونکہ وزیراعظم کے ذاتی فیس بک پیج کے نام میں یہ لفظ شامل تھا اس لیے ہمیں کہا گیا کہ اسے درست کر لیں۔‘
ان کے بقول 'سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کی پالیسی ہے کہ اگر اب پیج کے یو آر ایل میں تبدیلی کریں تو تصدیقی نشان ختم کر دیا جاتا ہے۔ تاہم اس معاملے میں توقع ہے کہ تجویز کردہ تبدیلی مکمل ہو جانے کے بعد یہ سٹیٹس بحال ہو جائے گا۔'
وزیراعظم عمران خان حکومت میں آنے سے قبل بھی سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک اور ٹوئٹر پر خاصے فعال تھے۔ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد بھی وہ سوشل میڈیا پر خاصے متحرک ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے فیس بک صفحے کا عکس جس میں تصدیقی علامت (بلیو بیج) غائب ہے (سکرین شاٹ)

وزیراعظم عمران خان کا فیس بک پیج ایک کروڑ سے زائد لائکس کے ساتھ پاکستان میں مجموعی طور پر فیس بک کے آٹھ بڑے پیجز میں سے ایک ہے۔ سوشل میڈیا اینالیٹکس سے وابستہ ادارے سوشل بیکرز کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ فینز رکھنے والا فیس بک پیج پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر عمران خان کا نام آتا ہے۔
فیس بک کی جانب سے پیجز چلانے والے افراد اور اداروں کے لیے یو آر ایل میں ’آفیشل‘ کا لفظ استعمال کرنے کی پابندی نئی نہیں بلکہ کافی عرصے سے موجود ہے۔ فیس بک کی جانب سے پیج بناتے وقت دی جانے والی رہنما ہدایات میں بتایا جاتا ہے کہ پیج کا یو آر ایل طے کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھا جائے۔
سابق پاکستانی کرکٹر اور اب سماجی شعبے میں فعال شاہد خان آفریدی کے فیس بک پیج سے بھی تصدیقی نشان ختم کیا گیا ہے۔
پاکستانی وزیراعظم اور سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی کے فیس بک صفحات سے ویریفائیڈ سٹیس ختم کرنے کا معاملہ سوشل میڈیا صارفین کی گفتگو کا حصہ بھی بنا رہا۔ مختلف صارفین نے اس معاملے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی تو کچھ دوسروں کو اس کی اطلاع دینے تک محدود رہے۔

اپنے نام سے ایک فلاحی ادارہ چلانے والے 40 سالہ شاہد آفریدی بھی سوشل میڈیا باالخصوص فیس بک پر مقبول ترین پاکستانی شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ویریفائیڈ بٹن سے محروم ہونے والے ان کے فیس بک صفحے کے یو آر ایل میں بھی آفیشل کا لفظ استعمال کیا گیا تھا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

 

شیئر: