مصر میں کورونا وائرس کا مریض اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کے لیے ہسپتال سے فرار ہوگیا. مصری پولیس نے مفرور مریض کو گرفتار کرکے دوبارہ ہسپتال پہنچا دیا.
العربیہ نیٹ کے مطابق 35 سالہ مصری شہری کے رشتہ دار اور احباب اس وقت حیران رہ گئے جب کورونا کے مرض میں مبتلا ان کا عزیز ہسپتال سے فرار ہوکر گھر پہنچ گیا. مصری کا تعلق ملک کے شمالی صوبے البحیرہ کے شہر الدلنجات کے قریے ابو سعیفۃ سے ہے.
کورونا کے مریض کے فرار کی خبر نے پورے شہر میں خوف وہراس پھیلا دیا تھا. الدلنجات شہر کے میئر کامل غطاس نے کہا کہ مریض کو سپیشل ایمبولینس کے ذریعے دوبارہ ہسپتال پہنچا دیا گیا-
انہوں نے کہاکہ مریض بہت کم وقت کے لیے گھر میں رہا کیونکہ قریے کے تمام لوگ خوفزدہ ہوگئے تھے. انہوں نے اسے ہسپتال سے فرار ہوکر گھر آتے ہی پولیس کو اطلاع کردی تھی.
مصری کی میڈیکل ٹیموں نے ان تمام لوگوں کا کورونا ٹیسٹ لینا شروع کردیا ہے جن سے کورونا کا مریض چند لمحے کے لیے ہی ملا تھا.