Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ ڈبلیو ایچ او سے تعلق ختم کر رہے ہیں‘

صدرٹرمپ نے عالمی ایجنسی کی فنڈنگ پہلے ہی معطل کررکھی ہے.(فوٹو اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن( ڈبلیو ایچ او) سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا ہے.
اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ’ہم آج سے ڈبلیو ایچ او سے تعلق ختم کر رہے ہیں .فنڈزسے عالمی سطح پر ہنگامی پبلک ہیلتھ کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا ‘.
یاد رہے کہ صدرٹرمپ نے عالمی ایجنسی کی فنڈنگ پہلے ہی معطل کررکھی ہے.امریکی صدر کا الزام ہے کہ ڈبلیو ایچ او چین کے ہاتھوں کٹھ پتلی بنا ہوا ہے.
صدر ٹرمپ نے یہ اعلان ایسے وقت کیا ہےجب یورپ نے طویل لاک ڈاون نے بعد معمول کی زندگی کی طرف تیزی سے لوٹنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے ہیں.امریکی صدر کے اس اقدام سے بظاہر مایوسی پھیلے گی خصوصا دنیا کے ان حصوں میں جہاں یہ وبا اب عروج پر ہے.
واضح رہے کہ امریکہ ڈبلیو ایچ کو فنڈز دینے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اور وہ سالانہ 450 ملین ڈالر فراہم کرتا ہے.
19 مئی کو ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کو لکھے جانے والے خط میں ٹرمپ نے انتباہ کیا تھا کہ اگر ایک ماہ کے اندر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن میں اہم اصلاحات  کا یقین نہ دلایا گیا تو امریکہ ادارے کی رکنیت پر نظر ثانی اور فنڈز مستقل طور پر روک دے گا.
ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے ابتدا میں کورونا وائرس کے پھیلاو سے نمنٹے کے لیے ناکافی اقدامات کیے.
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے تین لاکھ 63 ہزار011 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ متاثرین کی تعداد 58 لاکھ 85 ہزار 490 ہو گئی ہے۔
کورونا سے شدید متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 17 لاکھ 40 ہزار 599 متاثر ہیں۔

امریکہ کے بعد برازیل میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے.(فوٹو اے ایف پی)

وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح بھی بڑھ رہی ہے.دنیا بھر میں صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 24 لاکھ 68 ہزار سے بڑھ گئی ہے.
امریکہ کے بعد برازیل میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے.
برازیل میں کورونا وائرس کے ایک دن میں 26 ہزار بھی زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں . اس کے ساتھ ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ 38 ہزار سے بھی زیادہ ہوگئی ہے.
جنوبی کوریا میں کورونا پر قابو پانے کے بعد ایک بار پھر وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے بعد سماجی فاصلے قائم رکھنے کے لیے پابندیاں سخت کر دی ہیں.

 

شیئر: