Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'نسل پرست ہونے سے کیسے بچا جائے؟'

امریکہ کی متعدد ریاستوں میں ہنگامے ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد غم و غصے کا شکار افراد کی جانب سے احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ 
مظاہروں کو روکنے کے لیے امریکی صدر، ریاستی گورنرز اور کاؤنٹی کمشنرز سمیت پولیس و دیگر ادارے بھی مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس سمیت دیگر مقامات پر ہونے والے احتجاج کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر بھی صارفین اس حوالے سے خاصے متحرک ہیں۔ سابق امریکی صدر باراک اوباما سمیت موجودہ اور سابق سینیٹرز اور خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی وقفے وقفے سے مختلف اقدامات اور تبصرے کر رہے ہیں۔
سرچ انجنز کی دنیا کے سب سے بڑے پلیٹ فارم گوگل کے سرچ ٹرینڈز کا جائزہ لینے سے اندازہ ہوتا ہے کہ انٹرنیٹ صارفین جارج فلائیڈ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد اسی سے متعلق جاننے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔
گوگل کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران جارج فلائیڈ کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ سب سے زیادہ امریکہ میں پھر کینیڈا، تیسرے نمبر پر آئرلینڈ، چوتھے پر جنوبی افریقہ اور پانچویں پر گھانا کے صارفین نے سرچ کیا۔
دنیا بھر میں ہونے والی سرچز میں اسی معاملے سے متعلق ایک اور سرچ بھی نمایاں رہی۔ ’جسٹس فار جارج‘ کی سرچ اصطلاح سے متعلق گوگل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین نے اسے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا۔

مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس نے شیلنگ بھی کی (فوٹو: اے ایف پی)

سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے واقعے کے بعد احتجاج شروع ہوا اور اس کا دائرہ بڑھا تو انتظامی سطح پر مختلف اقدامات کیے گئے۔ مختلف شہروں میں کرفیو بھی ایسا ہی ایک اقدام تھا جو مختلف مقامات پر حالات کو قدرے قابو میں کرنے کی غرض سے اٹھایا گیا۔
گوگل کے ڈیٹا کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران ’کرفیو‘ سرچ کرنے والوں کی تعداد میں 2250 فیصد اضافہ ہوا۔ مینیسوٹا میں کرفیو کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، ایری زونا اور کیلفورنیا کی امریکی ریاستیں کرفیو سرچ کرنے میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ صارفین یہ بھی سرچ کرتے رہے کہ ’کیا کرفیو لگانا قانونی ہے؟‘
گذشتہ ہفتے بھر کے دوران امریکی شہریوں کی جانب سے پانچویں نمبر پر جو بات سب سے زیادہ سرچ کی گئی وہ یہ تھی کہ خود کو آنسو گیس سے کیسے بچایا جائے؟ ’آنسو گیس کے لیے دودھ‘، ’آنسو گیس کے لیے بیکنگ سوڈا‘ اور ’آنسو گیس کا اثر کیسے ختم کیا جائے‘ میں دلچسپی لینے والوں نے اسے سرچنگ ٹرینڈز میں نمایاں رکھا۔
چھٹے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ ہونے والا معاملہ بھی جارج فلائیڈ کی موت کے بعد پیدا شدہ صورت حال میں اپنی حفاظت سے متعلق رہا۔ صارفین کی بڑی تعداد یہ سرچ کرتی رہی کہ ربڑ کی گولی سے آنے والے زخم کا علاج کیسے کیا جائے؟

گذشتہ ہفتے سرچ انجن کے ٹاپ ٹرینڈز جارج فلائیڈ سے متعلق رہے (فوٹو اے ایف پی)

خود کو نسل پرست ہونے سے کیسے بچایا جائے؟‘ اور ہنگاموں کے بعد ’منی اپپلس کو صاف رہنے میں کیسے مدد کی جائے کی سرچز بھی بالترتیب 27 سو اور 17 سو فیصد بڑھیں۔
احتجاج کا دائرہ وائٹ ہاؤس تک پھیلا تو گذشتہ ہفتے کے دوران امریکی انٹرنیٹ صارفین یہ بھی سرچ کرتے رہے کہ ’وائٹ ہاؤس کی روشنیاں بھجا دی گئیں‘ جب کہ دسویں نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کی گئی ترکیب ’تھرڈ ڈگری مرڈر‘ رہی۔
گوگل ٹرینڈز کے گذشتہ ہفتے کے جائزے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ امریکیوں سمیت دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد سیاہ فام شخص کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت اور اس کے بعد کے حالات میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے منی ایپلس میں سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ ایک گروسری سٹور پر جارج فلوئیڈ نے دو دفعہ 20 ڈالر کے جعلی کرنسی نوٹ کے ذریعے خریداری کرنے کی کوشش کی۔

شیئر: