خلاف ورزی کرنے والوں پر 13ہزار چھ سو ڈالر جرمانہ عائد ہو گا۔ (فوٹو: گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کے دوران ہر سال کی طرح دوپہر کے اوقات میں کھلی جگہوں پر کام کرنے کی پابندی لگادی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام نے خبر جاری کی ہے کہ موسم گرما میں کھلے مقامات پر 15 جون سے ہر قسم کی مزدوری یا دیگر کاموں کے لیے دوپہر کے اوقات میں مکمل پابندی نافذ ہو گی۔
موسم گرما میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہر سال اس پابندی کا اطلاق کیا جاتا ہے۔ تمام ایسے ملازمین یا مزدور جو کھلے مقامات پر کام کرتے ہیں انہیں دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے سہ پہر تین بجے تک ہر قسم کے کام کی ذمہ داری سے وقفہ دیا جائے گا۔
ایسے ملازمین کو وقفے کے اوقات میں سایہ دار جگہ میں آرام کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہزاروں ایسے مزدور موجود ہیں جو عمارتوں کے تعمیراتی شعبے، باغبانی اور اس طرح کے دیگر کاموں کے لیے کھلی جگہ پر موجود ہوتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں موسم گرما میں ہمیشہ سے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تک پہنچ جاتا ہے جس میں عام آدمی کے لیے کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔
اس پابندی کے ساتھ ہی ایسے کارکنوں کے لیے کام کے اوقات کار بھی آٹھ گھنٹے تک محدود کیے گئے ہیں جب کہ اس سے زائد کام کے لیے اوور ٹائم مقرر کرنا ہو گا۔
وزارت انسانی وسائل اور اماراتی وزارت کے مطابق اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 13ہزار چھ سو ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔