پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ میں حکومت کی جانب سے ایک ترمیمی بل پیش کیا گیا ہے جس کے تحت ارکان پارلیمان کو ملنے والے سالانہ 25 ریٹرن ہوائی ٹکٹوں کے بدلے میں سفری واؤچر جاری کیے جائیں گے جو ارکان کے اہل خانہ کو بھی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
سینیٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں ترمیم کا بل وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے پیش کیا۔
بل کے مسودے کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو 25 بزنس کلاس ایئر ٹکٹس کے برابر سفری ووچرز دیے جائیں گے۔ ارکان اور ان کے اہل خانہ اپنے متعلقہ ایئرپورٹ سے قابل اطلاق ایئرلائن اور روٹس پر یہ واؤچر استعمال کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں
-
ارکان پارلیمان کی تنخواہیں بڑھانے کا بل مستردNode ID: 456931
-
کویت: کورونا کے باعث ہوائی سفر کا شعبہ بدترین بحران کا شکارNode ID: 462871
-
مجلس شوری: معمر افراد کو فضائی ٹکٹوں میں مزید رعایت دی جائےNode ID: 482896
صرف یہی نہیں بلکہ سال 2019/20 کے غیر استعمال شدہ ٹکٹس اور ووچرز 30 جون 2020 تک قابل قبول ہوں گے۔
بل کے اغراض و مقاصد میں کہا گیا ہے کہ قواعد کے تحت ارکان پارلیمنٹ اسلام آباد سفر کے لیے ہر سال 25 بزنس کلاس اوپن ریٹرن ٹکٹ کے مستحق ہیں۔ ارکان کا مطالبہ تھا کہ 25 ٹکٹس کے استعمال کا حق ان کے خاندان کے افراد کو بھی دیا جائے 25 ایئر ٹکٹس کی جگہ برابر مالیت کے واؤچرز ارکان کو دینے کی تجویز ہے۔ یہ ووچرز ارکان پارلیمنٹ کے خاندان کے ارکان بھی استعمال کر سکیں گے۔
چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا اور ہدایت کی کہ کمیٹی 10 دن میں بل پر اپنی سفارشات ایوان میں پیش کرے۔
یاد رہے کہ اس وقت ارکان پارلیمان تنخواہوں اور مراعات کے ایکٹ کے تحت ایک رکن کی ماہانہ تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ ایک دن کے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے لیے 2800 روپے یومیہ الاؤنس اور دو ہزار روپے ہاؤس الاؤنس دیا جاتا ہے۔
اسی طرح ارکان کو سالانہ تین لاکھ روپے کے سفری واؤچرز بھی دیے جاتے تھے۔ واؤچرز استعمال نہ کرنے کی صورت میں ارکان وہ رقم کیش کی صورت میں بھی وصول کرنے کے حقدار ہیں۔
فروری 2020 میں ارکان پارلیمان کی تنخواہوں میں اضافے کا بل بھی سینیٹ میں پیش کیا گیا تھا۔ سینیٹر نصیب اللہ بازئی، سجاد حسین طوری، یعقوب ناصر، دلاور خان، اشوک کمار اور شمیم آفریدی نے یہ بل مشترکہ طور پر تیار کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد بڑی سیاسی جماعتوں نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔
