’آپ بولیں گے تو ہماری چاندی ہو جائے گی‘
امیتابھ کی فلم سینما کے بجائے ایمازون پر ریلیز ہوگی (فوٹو ٹوئٹر)
بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنی نئی فلم ’گلابو ستابو’ کی پروموشن کے لیے فلم کے نام سے ہی سوشل میڈیا پر ایک چیلنج کا آغاز کیا ہے۔
امیتابھ بچن ویسے ہی تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہیں اور لاک ڈاؤن کے دوران تو کچھ نہ کچھ ایسا ضرور پوسٹ کرتے رہے ہیں کہ ان کے مداح اس مشکل وقت میں زیادہ تنہائی محسوس نہ کریں۔
کورونا کے خوف اور سماجی فاصلوں کی پابندی کے باعث فلم انڈسٹری نہ تو فلمیں بنا پا رہی ہے اور نہ ہی روایتی طریقے سے پروموشن کر پا رہی ہے۔
امیتابھ نے اپنی آنے والی فلم متعارف کروانے کے لیے ایسا چیلنج کیا کہ تمام شائقین کی زبان لڑکھڑاتی رہ گئی اور فلم سے بھی آشنائی ہوگی۔
امیتابھ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ کچھ الفاظ ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہر مرتبہ ان کی زبان لڑکھڑا جاتی ہے۔
وہ الفاظ کچھ یوں ہیں: ’گلابو کی خطر پطر سے تتر بتر ستابو، ستابو کے اگر مگر سے اتھل پتھل گلابو۔‘
امیتابھ نے پانچ مرتبہ کوشش کی کہ وہ لڑکھڑائے بغیر صفائی کے ساتھ یہ الفاظ ادا کر دیں لیکن ہر مرتبہ کچھ نہ کچھ غلط بول جاتے۔
انہوں نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ 'بس پانچ بار بولنا ہے یہ، کوشش کریں گے آپ لوگ، کریں گے تو ہماری چاندی ہو جائے گی۔'
آخر کار بالی وڈ کنگ نے اپنے فینز کو چیلنج کر ڈالا کہ وہ پانچ مرتبہ بالکل صفائی کے ساتھ یہ الفاظ ادا کریں۔
امیتابھ بچن کی مزاحیہ فلم ’گلابو ستابو‘ 17 اپریل کو ریلیز ہونا تھی لیکن لاک ڈاؤن کے دوران تمام تھیٹر بند ہونے کی وجہ منظر عام پر نہ آ سکی۔
فلم سینما میں دکھائی جانے کے بجائے 12 جون کو ایمازون پر ریلیز ہو رہی ہے۔ اس مرتبہ امیتابھ بچن کے فینز انہیں میگا سکرین پر نہیں دیکھ پائیں گے۔