Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غذائی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کا فیصلہ موخر

مختلف اشیا پر کسٹم ڈیوٹی 10 جون سے بڑھا نے کا اعلان کیا گیا تھا۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی محکمہ کسٹم نے  کہا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا پر بدھ 10 جون 2020 سے ڈیوٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اضافی کسٹم ڈیوٹی پر عمل درآمد شروع نہیں کیا گیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اس سے قبل محکمہ کسٹم نے کہا تھا کہ  10 جون سے کھانے پینے کی متعدد اشیا پر 3 سے  15 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بڑھے گی۔
بتایا گیا تھا کہ  سعودی کابینہ کے  فیصلے کے مطابق کھانے پینے کی مختلف اشیا پر کسٹم ڈیوٹی 10 جون سے بڑھا دی جائے گی۔
محکمہ کسٹم نے اس حوالے سے  ایک فہرست بھی جاری کی تھی جس میں بھیڑ، بکری کا گوشت، مختلف جانوروں، تازہ پرندوں اور ان کے فروزن گوشت، ہر طرح کی مچھلیوں، ڈیری مصنوعات اور ہر قسم کے مشروبات کو شامل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ  کھانے پینے کی اشیا درآمد کرنے والے تاجروں اور دکانداروں نے کسٹم ڈیوٹی میں اضافے پر عمل درآمد کے حوالے سے محکمہ کسٹم سے استفسار کیا تھا جس کے جواب میں بتایا گیا کہ ابھی تک کسٹم ڈیوٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
محکمہ کسٹم نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہوں وہ محکمے کے مشترکہ رابطہ مرکز 1918 پر رابطہ کریں-

کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کا فیصلہ کورونا کی وبا سے قبل کیا گیا تھا۔(فوٹو سوشل میڈیا)

عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر صنعت بندر الخریف نےبتایا کہ کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کا فیصلہ کورونا کی وبا سے قبل کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد سعودی مصنوعات کو فروغ دینا تھا۔ یہ فیصلہ نجی اداروں کو مختلف شعبوں میں نئےمنصوبے جاری کرنے پر آمادہ کرنے کی پالیسی کے تحت کیا گیا تھا۔
وزیر صنعت کا کہنا تھا کہ قومی پالیسی یہ ہے کہ وہ تمام اشیا جو اندرون مملکت تیار کی جاسکتی ہوں اندرون ملک ہی تیار کی جائیں اور نجی کمپنیاں اس سلسلے میں اپنا کردارادا کریں۔ ملکی مصنوعات کو درآمدی اشیا کے مقابلے میں ترجیح  دینے کے لیے کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کی پالیسی اختیار کی جارہی ہے۔

شیئر: