کسٹم میں مینول چیکنگ 89 فیصد سے گھٹا کر 48 فیصد کردی گئی۔فوٹو: الشرق الاوسط
عالمی بینک گروپ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب تجارتی سہولتیں فراہم کرنے کے اعتبار سے پوری دنیا میں سرفہرست ہے۔ سعودی عرب نے پہلی پوزیشن 72 درجے بہتر بنا کر حاصل کی ہے۔
سبق ویب سائٹ اور عکاظ اخبار کے مطابق گروپ کی جانب سے جاری 2020 تجارتی کارکردگی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب نے یہ زبردست کامیابی اشیا کی درآمد و برآمد کی لاگت اور وقت کے حوالے سے سرحد پار تجارت کے گراف میں حاصل کی ہے۔
سعودی وزیر نقل و حمل صالح الجاسر نے اس کامیابی کے حوالے سے بتایا سعودی عرب نے لاجسٹک خدمات میں متعدد قانونی اصلاحات کی ہیں۔ اس کے تحت کسٹم کلیئرنس کا دورانیہ 24 گھنٹے کردیا گیا ۔ ماضی میں یہ کام نمٹانے کے لیے سات تا دس دن تک درکار ہوتے تھے۔
الجاسر نے مزید کہا کہ کسٹم میں مینول چیکنگ 89 فیصد سے گھٹا کر 48 فیصد کردی گئی۔
’ ماضی میں اشیا درآمد کرنے کے لیے 12 دستاویزات طلب کی جاتی تھیں اب انکی تعداد کم کرکے دو کردی گئی ہے۔ برآمدات کے لیے آٹھ دستاویزات مانگی جاتی تھیں اب ان کی تعداد بھی دو کردی گئی ہے‘۔
ورلڈ بینک گروپ نے’ بزنس وائر سروس‘ کے حولاے سے بتایا کہ سعودی عرب نے گزشتہ دس برسوں کے دوران نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پرسو ارب ڈالر سے زیادہ لگائے ہیں۔