سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے نئے کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے وزارت صحت کے جانثار ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون طبی عملے کو ان کی شاندار خدمات پر سلام تعظیم پیش کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ نے ٹویٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ان ہیلتھ ہیروز کے لیے سلام شکر جو دن رات انتھک جدوجہد کر رہے ہیں ہم آپ کے ایثار، اخلاص اور قربانی کو قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘۔
مزید پڑھیں
-
مکہ میں پاکستانی ڈاکٹر کورونا کی وجہ سے چل بسےNode ID: 483056
وزیر صحت نے ٹویٹ میں کہا کہ ’ آپ سب لوگوں کا دلی شکریہ، آپ ہی اللہ تعالی کے فضل و کرم کے بعد اہل وطن کی صحت کی پاسبانی کر رہے ہیں‘۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے میں اب تک پاکستان، سوڈان، سعودی عرب اور مصر کے متعدد ڈاکٹرز اور نرسیں جان کا نذرانہ پیش کرچکی ہیں۔ جنہیں سوشل میڈیا پر سعودی شہری اور مقیم غیرملکی خراج عقیدت پیش کرچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پرجدوجہد کرنے والے سعودی، پاکستانی،سوڈانی اور مصری ڈاکٹروں کے علاوہ مختلف ممالک کا طبی عملہ جان کی پروا کیے بغیر کورونا سے متاثرین کے علاج میں لگا ہوا ہے۔
قرنطینہ انتہائی نگہداشت کے شعبوں سے ملنے والی رپورٹیں بتا رہی ہیں کہ وزارت صحت کے ماتحت ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں ڈاکٹرز، نرسیں اور معاون طبی عملہ روزمرہ کے معمولات کو نظر انداز کرکے مقررہ اوقات کار سے زیادہ ڈیوٹی دے رہے ہیں اور اپنے پیاروں کو وائرس سے بچانے کے لیے کھانا پینا، رہنا سہنا سب کچھ الگ تھلگ کیے ہوئے ہیں۔