عالمی ادارہ صحت نے نئی رپورٹ جاری کر کے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں صحت ملازمین کی تعداد عرب ملکوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے- ادارہ صحت نے یہ رپورٹ نئے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں آبادی کے تناسب سے جاری کی ہے-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں میں خواتین پیش پیش ہیں-
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں 10 ہزار باشندوں پر 217 صحت ملازم تعینات ہیں- اس حوالے سے سعودی عرب تمام عرب ملکوں میں سرفہرست ہے- 217 ملازمین میں 35 فیصد خواتین ہیں-
سلطنت عمان 201 ملازمین کے حوالے سے دوسرے، کویت 170 ملازمین کے ساتھ تیسرے اور متحدہ عرب امارات 156 ملازمین کے اعتبار سے چوتھے نمبر پر ہے-
مزید پڑھیں
-
کورونا کا شبہ،290افراد طبی معائنے کے بعد کلیئرNode ID: 462611
عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صحت ملازمین کی تعداد کے حوالے سے عالمی سطح پر ناروے پہلے نمبر پر ہے جہاں ملک میں فی دس ہزار افراد کے لیے 1049 صحت ملازمین تعینات ہیں-
اقوام متحدہ کے رکن تمام ممالک نے وعدہ کیا ہے کہ وہ 2030 تک ساری آبادی کو مکمل صحت سہولیات فراہم کریں گے- نئی صحت پالیسی کے تحت طے کیا گیا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ صحت عملہ تعینات کیا جائے گا-
عالمی ادارہ صحت نے توجہ دلائی ہے کہ دنیا کی پچاس فیصد سے زیادہ آبادی ابتدائی طبی نگہداشت کی سہولت سے محروم ہے-
ڈاکٹر، نرس اور امدادی طبی عملے میں زبردست قلت ہے اسی وجہ سے بیشتر ملکوں میں کورونا وائرس جیسی وبا سے نمٹنے میں بہت زیادہ دشواری پیش آ رہی ہے-