روزانہ دوپہر 12 سے سہ پہر تین بجے تک شدید گرمی کے اوقات میں ڈیوٹی لینے پر پابندی ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا کہ یہ پابندی نجی اداروں میں کارکنان اور مزدوروں کی صحت و سلامتی کے تحفظ ، کارکنان کو محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے اور ان کی صحت کو خطرات سے بچانے کی خاطر لگائی گئی ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی کارکن سے دوپہر 12 بجے سے لے کر سہ پہر تین بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی- یہ پابندی 15جون سے 15 ستمبر تک رہے گی۔
وزارت افرادی قوت نے اس پابندی سے تیل اور گیس کمپنیوں کے کارکنان کو استثنی دیا ہے۔ علاوہ ازیں اصلاح و مرمت کے ایمرجنسی سیکشن سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی اس پابندی سے مستثنی ہوں گے البتہ انہیں دھوپ سے بچانے کے لیے کمپنیاں ضروری اقدامات کریں گی۔
بیان کے مطابق وزارت افرادی قوت نے نجی اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ 15 جون سے 15 ستمبر تک اوقات کار کی تنظیم نو کریں۔ کارکنان کو ڈیوٹی کے مختلف خطرات سے بچانے کے لیے محفوظ ماحول کا بندوبست کریں۔
وزارت افرادی قوت نے توجہ دلائی ہے کہ یہ پابندی سعودی عرب کے ان علاقوں پر نافذ نہیں کی جائے گی جہاں موسم معتدل ہوگا اور جن علاقوں میں مذکورہ اوقات کے دوران کارکنان کو کھلے مقامات پر ڈیوٹی دینے میں کسی قسم کا صحت خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔
اس حوالے سے متعلقہ علاقوں میں وزارت افرادی قوت کے اعلی عہدیدار نجی کمپنیوں کے مالکان اور مقامی حکام کے ساتھ یکجہتی پیدا کریں گے۔