سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی کا کہنا ہے کہ معمولات زندگی بحال ہونے کی صورت میں کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے لوگوں کو مقررہ ایس او پیز پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہوگا۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق پریس کانفرنس میں سوال کا جواب دیتے ہوئےترجمان کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے تاہم مرحلہ وار معمولات زندگی بحال ہونے کی صورت میں یہ لازمی ہو گا کہ مقررہ ایس او پیز پر ہر ایک سختی سے عمل کرے۔
ڈاکٹر العالی کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی معمولات زندگی بحال ہوں خواہ دفتری امور کی انجام دہی ہو یا شاپنگ و دیگر امور کے دوران سماجی فاصلے کے اصول ،ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی کیا جائے اسی طرح ہم اپنے معمولات کی ادائیگی کے دوران کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
واضح رہے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے۔ اگر ماسک نہ ہوتو رومال سے بھی ناک اور منہ کو ڈھانپا جاسکتا ہے۔
علاوہ ازیں ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں کیونکہ ہاتھوں کے ذریعے کورونا وائرس انسان کے نظام تنفس پر حملہ آور ہوتا ہے جبکہ صابن سے یہ وائرس اگر ہاتھوں پر ہوتو وہ مرجاتا ہے۔
گھر سے باہر ہونے کی صورت میں سینیٹائزر کا استعمال کیا جائے اور اس بات کویقینی بنائیں کہ سینیٹائزر ہمہ وقت آپ کے پاس موجود ہو جسے ہر تھوڑی دیر بعد استعمال کیاجائے تاکہ ہاتھوں پر موجود جراثیم ختم ہو سکیں۔