چین کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے انڈین فوجیوں کی آخری رسومات
چین کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے انڈین فوجیوں کی آخری رسومات
جمعرات 18 جون 2020 14:46
انڈیا کے زیر انتظام علاقے لداخ کی وادی گالوان میں انڈیا اور چین کے فوجیوں کے درمیان سرحد پر ہونے والی جھڑپ میں ہلاک ہونے والے 20 فوجیوں کی آخری رسومات ادا کی گئیں جبکہ انڈین شہریوں کی جانب سے چینی صدر کی تصویریں جلائی گئیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جیسے ہی کرنل بی سنتوش کی میت آخری رسومات کے لیے ان کے آبائی گاؤں سریاپت لائی گئی تو لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ’وکٹری ٹو مدر انڈیا‘ کا نعرہ لگایا۔
کرنل بی سنتوش ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سینیئر ترین تھے۔
دیگر انڈین فوجیوں کی آخری رسومات بھی ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی جائیں گی۔
انڈیا کے شمالی شہر کانپور کے رہائشیوں نے چینی صدر شی جن پنگ کا علامتی جنازہ نکالا اور اور ان کی تصاویر کو جلایا۔
دوسری طرف انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سینئر چینی سفارتکار وانگ ای سے بدھ کو بات کی ہے اور دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ معاملات کو مزید بھگڑنے نہیں دینا چاہیے بلکہ سرحد پر امن اور استحکام کے لیے کام کرنا چاہیے۔
بدھ کو چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سرحد پر جھڑپ کے بعد دونوں ملکوں کے حکام نے کشیدہ صورتحال اور تناؤ کو کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق چین کے سینیئر سفارت کار وانگ ای نے انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو فون کیا اور کہا کہ انڈیا اپنے ان افراد کو سخت سزا دے جو اس تنازعے کے ذمے دار ہیں اور سرحد پر اپنی فرنٹ لائن افواج کو قابو میں رکھے۔
ادھر انڈیا کی وزارت خارجہ نےاپنے بیان میں کہا تھا کہ انڈین وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو بتایا کہ علاقے میں غیر معمولی واقعات دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات پر اثرانداز ہوں گے۔
خیال رہے کہ منگل کو ہونے والے جھڑپ میں 20 انڈین فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔