Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چین نے انڈیا کے 10 فوجی رہا کر دیے‘

فوجی اہلکاروں کی رہائی مذکرات کے بعد ہوئی۔ فائل فوٹو: روئٹرز
انڈیا اور چین کے درمیان وادی لداخ میں جھڑپ کے کچھ دنوں بعد چین نے انڈین فوج کے 10 اہلکار رہا کر دیے جن میں دو میجر بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اس بارے میں معلومات رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ تین دن کے مذاکرات کے بعد چینی فوج نے دو میجرز سمیت انڈین فوج کے 10 اہلکاروں کو رہا کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فوج کے اہلکاروں کی رہائی کا معاہدہ انڈین اور چینی فوج کے درمیان میجر جنرل کی سطح پر طے پایا تھا۔
یہ مذاکرات تین دن تک ہوتے رہے اور جمعرات کو فیصلہ ہوا۔
اس بارے میں سرکاری بیان ابھی تک نہیں آیا ہے۔ لیکن انڈین فوج نے جمعرات کو کہا تھا کہ جھڑپ میں شامل تمام انڈین اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ چین اور انڈیا نے پیر کو سرحدی جھڑپ کے بعد ایک دوسرے کو قصوروار قرار دیا تھا۔ اس جھڑپ میں 20 انڈین فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔
چین اور انڈیا کے درمیان سرحد پر کم از کم تین مقامات پر تقریباً ایک ماہ سے صورت حال تناؤ کا شکار تھی تاہم کوئی بڑا واقعہ پیش ںہیں آیا تھا لیکن پیر کو ہونے والی جھڑپ میں انڈین فوجیوں کی ہلاکت کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حالات جلد معمول پر نہیں آئیں گے۔
اے ایف پی کے مطابق دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان 3500 کلومیٹر طویل سرحد ہے جس پر کوئی باقاعدہ حد بندی نہیں ہوئی۔
دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اکثر اوقات جھگڑا اور تناؤ معمول کی بات ہے تاہم دہائیوں سے سرحد پر کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔
 

شیئر: