دوسرے مرحلے میں سینما گھر پچاس فیصد تک بحال ہوں گے ( فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ نے بدھ 24 جون سے اقتصادی اور سیاحتی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شارجہ میں ریاست کے نائب صدر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کے حکم پر بدھ 24 جون سے ریاست میں اقتصادی و سیاحتی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔
الامارات الیوم کے مطابق نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کے تحت تمام اقتصادی و سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی تھی۔ بحالی کے دوسرے مرحلے میں پچاس فیصد سرگرمیاں موثر ہوجائیں گی۔
شارجہ میں ایمرجنسی ٹیم کا آن لائن اجلاس میجر جنرل سیف محمد الزری الشامسی کی زیر صدارت ہوا۔اس موقع پر شارجہ کے محکموں اور اداروں کے سربراہ موجود تھے انہوں نے اقتصادی اور سرکاری ادارے کھولنے اور مختلف سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے شرکا نے طے کیا کہ بدھ 24 جون سے شارجہ میں 50 فیصد اقتصادی و سیاحتی و تجارتی سرگرمیاں حفاظتی تدابیر کے ساتھ بحال کی جائیں گی۔
شارجہ کے سرکاری ملازمین نے دفاتر میں ڈیوٹی شروع کردی ہے۔ مختلف شعبوں کے ملازم مختلف اوقات میں دفاتر پہنچ رہے ہیں۔ رفتہ رفتہ ملازمین کو سو فیصد تک حاضری کی اجازت مل جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں سینما گھر، اقتصادی و سیاحتی سرگرمیاں پچاس فیصد تک بحال ہوں گی۔
میجر جنرل الشامسی نے جو شارجہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ہیں بتایا کہ نئے کورونا وائرس کے خطرے سے عوام کو بچانا اور ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانا ہماری پہلی ترجیح ہے۔