خلاف ورزی پر جدہ میں 41 اور ینبع میں 7 باربر شاپس بند
خلاف ورزی پر جدہ میں 41 اور ینبع میں 7 باربر شاپس بند
پیر 22 جون 2020 9:28
بلدیہ نے 2070 تفتیشی دورے کیے ہیں جن میں سے 366 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ اور ینبع میں حفاظتی و احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر متعدد باربر شاپس اور دیگر دکانیں بند کر دی گئیں ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’کاروبار کھولنے کے پہلے روز تفتیشی ٹیموں نے انتہائی منظم طریقے سے باربر شاپس کا خصوصی طور پر دورہ کر کے اس بات کاجائزہ لیا ہے کہ آیا حفاظتی تدابیر اور ہدایات پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’کاروبار کی طویل معطلی کے بعد باربر شاپس کو جب کام کی اجازت ملی تو ان میں سے بعض کی طرف احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں تساہل دیکھا گیا‘۔
جدہ میونسپلٹی کے سکریٹری انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دورے کے دوران کل 130 دکانیں بند کروائی گئی ہیں جن میں سے 41 باربر شاپس ہیں‘۔
’کاروبار کھولنے اجازت ملنے والے دن یعنی کل اتوار کو بلدیہ نے شہر بھر میں 2070 تفتیشی دورے کیے ہیں جن میں سے 366 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں‘۔
’باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کے مالکان کے لیے ضروری ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی ہدایات پرسختی سے عمل کریں، ان ہدایات میں کسی قسم کی کوتاہی پر دکان بند کر دی جائے گی‘۔
’وبا کو محدود کرنے کے لیے شہری و غیر ملکی تفتیشی ٹیموں کی مدد کریں، جہاں کہیں بھی خلاف ورزی دیکھیں تو فوری اطلاع کریں‘۔
دوسری طرف ینبع میں میونسپلٹی نے باربر شاپس کا تفتیشی دورہ کیا جس میں متعدد خلاف ورزیوں پر 7 دکانیں بند کردی گئیں۔
ینبع میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کو کاروبار کھولنے کی مشروط اجازت ہے، جب تک وہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے رہیں گے انہیں کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی اور جہاں کہیں وہ تساہل برتنے لگیں گے تو ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی‘۔