Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعزیتی اجتماع میں شریک پانچ خاندان کورونا کا شکار

وزارت صحت کے مطابق متاثرین میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
 سعودی عرب میں تعزیتی اجتماع میں  شریک پانچ خاندان کے افراد نئے کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے ٹوئٹر پر بیان میں واضح کیا کہ تعزیتی اجتماع وائرس پھیلنے کا باعث بنا ہے۔ شرکا نے سماجی فاصلے کے ضابطے کی پابندی نہ کرکے احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متاثرین میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔ کئی انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا کہ جہاں بھی احتیاطی تدابیر کا احترام نہیں کیا جائے گا وہاں مہلک وائرس اپنا اثر دکھانے سے باز نہیں آئے گا۔

ریاض میں کورونا کیسز میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ (فوٹو: سبق)

ترجمان کا کہنا تھا کہ جس شہر، کمشنری یا تحصیل یا قریے میں احتیاطی تدابیر کی پابندی کی جائے گی وہاں وائرس سے متاثرین کی تعداد رفتہ رفتہ کم ہوتی چلی جائے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں کورونا سے متاثرین کے کیسز میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ بدھ کو ریاض میں کورونا کے 225 نئے مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح ریاض متاثرین کے حوالے سے الھفوف، دمام، طائف اور مکہ کے بعد پانچویں نمبر پر آگیا-
ریاض میں منگل کو 299 کیس رجسٹر ہوئے تھے جبکہ پچھلے کئی دن سے وہاں متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا تھا۔ پوچھا جانے لگا تھا کہ آخر ریاض کو جدہ پر کیوں ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ ریاض میں کیسز زیادہ تھے مگر کرفیو جدہ میں لگایا گیا تھا۔

شیئر: