Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم مکی میں عام افراد کے داخلے پر پابندی برقرار

نماز باجماعت میں ادارہ امور حرمین کے اہلکار ہی شریک ہوتے ہیں(فوٹو،ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین کا کہنا ہے کہ حرم مکی میں عام افراد کے داخلے پرعارضی پابندی برقرار ہے۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر حرم مکی میں نماز باجماعت کی ادائیگی میں وہاں کے ملازمین اور اہلکار ہی شرکت کرتے ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے ادارہ امور حرمین شریفین کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کی تمام مساجد میں نماز باجماعت پر عائد عارضی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم حرم مکی میں عام افراد کے داخلے کی ابھی تک اجازت نہیں ۔

مسجد نبوی الشریف میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز باجماعت جاری ہے (فوٹو: ایس پی اے)

امور حرمین کے ترجمان ھانی حیدر نے حرم شریف عام افراد کے لیے کھولے جانے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کو غلط قرار دیا ہے، کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی ایام سے تاحال حرم شریف میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز باجماعت کی ادائیگی جاری ہے جس میں ادارے کے اہلکار اور حرم شریف میں کام کرنے والے ہی شریک ہوتے ہیں۔
ترجمان ادارہ امور حرمین نے الاخباریہ ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی خبر کے لیے مصدقہ ذرائع پر ہی یقین کریں غیر معتبر ذرائع پر یقین نہ کیا جائے۔
عام لوگوں کے لیے حرم مکی شریف کھولنے کے بارے میں حکومتی فیصلے کی اطلاع اخبارات اور ادارے کی آفیشل ویب سائٹ پر فوری طورپر فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے مارچ میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے حرم مکی الشریف میں عمرہ زائرین اور عام افراد کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی تھی جو تاحال جاری ہے جبکہ مسجد نبوی الشریف میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ عام افراد کے داخلے پر پابندی ختم کی جاچکی ہے جہاں گزشتہ 2 ہفتے سے نماز باجماعت جاری ہے وہاں عام افراد احتیاطی تدابیر کے تحت سماجی فاصلے کے اصول کی پابندی کرتے ہوئے باجماعت نمازوں میں شرکت کررہے ہیں

شیئر: