Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باپ کورونا سے چل بسا، خاندان کے 16 افراد متاثر

مقامی شہری اپنے والدین اور اہل خانہ سے ملنے آیا تھا۔ (فوٹو: سبق)
 سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے پر ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو کر چل بسا جبکہ اس کے خاندان کے 16 افراد جن میں اس کی اہلیہ شامل ہے وائرس سے متاثر ہوگئے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’مقامی شہری دوسرے شہر سے سفر کر کے اپنے والدین اور اہل خانہ سے ملنے کے لیے آیا تھا اس نے آمد پر مصافحہ کیا اور وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کیا۔ اس سے وائرس اس کے والدین سمیت خاندان کے دیگر افراد میں منتقل ہوگیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کورونا سے متاثر ہوکر مقامی شہری کے باپ کا کورونا وائرس سے انتقال ہوگیا۔ پہلے ہی سے دل کے عارضے میں مبتلا تھا۔’

وزیر صحت نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام پیغام جاری کیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس واقعہ کے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ملنے جلنے کے سلسلے میں توازن سے کام لینا ہوگا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ماحول میں والدین سے ملاقات پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی البتہ ملاقات کرتے وقت وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کی پابندی ضرور کی جائے۔‘
وزیر صحت نے مزید کہا کہ ’ ہم میں سے کوئی بھی شخص کورونا وبا کی وجہ سے اپنے والدین سے ملنا جلنا بند کردے تو یہ بری بات ہوگی۔ ایسا کرنے سے والدین کے جذبات متاثر ہوں گے انہیں دلی تکلیف ہوگی۔‘
ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ ’والدین سے ملاقات ضرور کی جائے مگر ان سے مصافحہ نہ کیا جائے۔ ان کے ہاتھ اور پیشانی کو بوسہ نہ دیا جائے۔ وبا کے پیش نظر ان دنوں اس سماجی روایت پر عمل نہ کیا جائے۔‘

شیئر: