40 سال کے بعد جدہ ایئرپورٹ کا جنوبی ٹرمنل بند
’سعودی ایئرلائن کا آپریشن مکمل طور پر نئے ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔‘ ( فوٹو: سبق)
40 سال کے بعد جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ کا جنوبی ٹرمنل بند کر کے آپریشن نئے ایئرپورٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’جنوبی ٹرمنل سعودی ایئرلائن کی اندرون ملک اور انٹر نیشنل پروازوں کے لیے مختص تھا جسے اب بند کر دیا گیا ہے۔‘
’سعودیہ کا آپریشن مکمل طور پر نئے ایئرپورٹ کے ٹرمنل 1 میں منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
انتظامیہ نے اس موقع پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے جنوبی ٹرمنل کے مختلف گوشے دکھائیں ہیں اور کہا ہے کہ ’ہماری کئی خوبصورت یادیں اس سے وابستہ ہیں، ہم نے 40 سال تک یہاں کام کیا ہے، اب اسے بند کر کے نئے ٹرمنل میں منتقل ہوگیے ہیں۔‘
واضح رہے کہ جدہ کے نئے ایئرپورٹ کا افتتاح ہوچکا ہے جس میں سعودی ایئرلائن کا آپریشن مکمل طور پر منتقل ہو گیا ہے۔