Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت صحت کا سیاحوں کے لیے ہیلتھ گائیڈ کا اجراء

سیکیورٹی عملے کی موجودگی میں زائرین کھلی جگہوں سے لطف اندوز ہوئے۔ (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث تمام عوامی مقامات اور کھیلوں کے میدانوں میں اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جو کہ بتدریج  ختم کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس پابندی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ  سیاحوں اور عوامی مقامات پر جانے والوں کے لیے وزارت صحت کی جانب سے رہنما اصول جاری کیے گئے ہیں۔

ٹریفک منظم رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مکمل اقدامات کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے ہیلتھ گائیڈ میں کہا گیا ہے کہ سفر کے دوران رہائشی مقامات، ساحل سمندر سے ملحق باغیچوں اور دیگر پارکس جیسے کھلی تفریحی جگہوں، تفریحی مقامات پر موجود بند مقامات، خریداری کے دوران اور ریستورانوں میں یہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزارت صحت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مقیم شہریوں اور غیر ملکیوں سے کہا کہ وہ معاشرتی فاصلے کا احترام کریں اور کھانسی، بخار یا سانس لینے میں دشواری کی علامت ظاہر ہونے پر ٹول فری نمبر 937 پر فوری رابطہ کریں۔

ساحل سمندر(واٹر فرنٹ) پر سیاحوں کی دوبارہ آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

وزارت کی جانب سے خصوصی طور پر گھرسے باہر دو میٹر کا آپسی فاصلہ رکھنے پر زور دیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ماسک  کا استعمال ضرور کریں اورگھر واپسی پر اپنے ہاتھ صابن سے دھوئیں یا سینیٹائز کریں۔
ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے، گلے ملنے یا آنکھوں یا ناک کو چھونے سے بھی متنبہ کیا گیا ہے۔ وزارت نے یہ مشورہ  بھی دیا ہے کہ گھر کے اندر بھی کھانسی یا چھینک کی صورت میں اپنی کہنی کا استعمال کریں یا منہ اور ناک پر رومال یا ٹشو پیپر کا استعمال کریں اور ٹشو پیپر کو فوری طور پر تلف کردیں۔

گھرسے باہر دو میٹر  کا آپسی فاصلہ رکھنے پر زور دیا گیا ہے (فوٹو عرب نیوز)

کسی قسم کی علامت کی صورت میں خود تشخیص کے لئے موعید  ایپ کے  استعمال  کا مشورہ  بھی دیا  گیا ہے اور کووڈ۔ 19 وباء سے نمٹنے کے لئے مخصوص 237 کلینکوں میں سے کسی ایک کا دورہ کریں یا صحت کی معلومات اور خدمات کے لئے واٹس ایپ نمبر 920005937 پر پیغام بھیجیں۔
واضح رہے کہ اب سعودی عرب میں لاک ڈاؤن پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ہی جدہ میونسپلٹی نے خواتین کے لیے مخصوص بیوٹی پارلرز  اور ہیئر ڈریسر کی دکانوں کے لیے معائنہ ٹیموں کو تیار کیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ  کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

جدہ میونسپلٹی نے بیوٹی پارلرز پر احتیاطی تدابیر پر توجہ دلائی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

جدہ بلدیہ کے ڈپٹی میئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے بتایا  ہے کہ  پابندیوں میں نرمی کے بعد سے اب تک 185 بیوٹی پارلرز کا معائنہ کیا گیا ہے اور اقدامات پر عمل نہ کرنے پر 17 مراکز کو انتباہ جاری کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں تقریباً تین مہینوں کے لاک ڈاؤن اور کرفیو کے بعد جدہ کے ساحل سمندر(واٹر فرنٹ) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے پروٹوکول اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ  دوبارہ زائرین کا استقبال کرنا شروع کردیا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے احتیاطی تدابیرکا عزم۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

ٹریفک منظم رکھنے کے لیے بھاری سیکیورٹی عملے کی موجودگی کے دوران سعودیوں اور غیر ملکیوں نے کھلی جگہوں، واکنگ ٹریک اور ریستوراں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے خوشی محسوس کی۔
 

شیئر: