Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظہبی کے پارک اور ساحل آج سے آباد

ساحل پر آنے والوں کو سماجی فاصلے کی پابندی کرنا ہوگا- فوٹو: الامارات الیوم
ابوظہبی کے متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ جمعہ 3 جولائی  سے ریاست میں بعض پارک اور ساحل مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی کی شرط کے ساتھ کھولے جا رہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں پانچ پارک اور ساحل کھولے جائیں گے- فوٹو: گلف نیوز

الامارات الیوم کے مطابق پہلے مرحلے میں بعض پبلک پارک  اور ساحل کھولے جائیں گے جبکہ آئندہ مرحلے میں دیگر تمام  پارک اور ساحل کھولنے کا فیصلہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری کیا جائے گا-
جمعے سے ام الامارات پارک، ابوظہبی میں خلیفہ تفریح گاہ، العین میں السلیمی پارک اور الظفرۃ کے علاقے میں زاید پبلک پارک کھولا جائے گا- جہاں تک ساحلوں کا تعلق ہے تو ابوظہبی کی بلدیہ تین جولائی کو الکورنیش ساحل، الحدیریات ساحل اور الظفرۃ کی بلدیہ المرفہ ساحل کھولیں گی۔
ام الامارات پارک انتظٓامیہ میں رابطہ انچارج رشا قبلاوی نے پارک کھولے جانے کے فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں- پارک آنے والوں اور پارک کے عملے کی صحت و سلامتی کی تدابیر کرلی گئی ہیں-
پارک اور ساحل پر سیر کے لیے آنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جتنی دیر پارک یا ساحل پر رہیں حفاظتی ماسک کی پابندی کریں- دو میٹر تک ساجی فاصلہ قائم رکھیں- کسی بھی گروپ میں چار سے زیادہ لوگ شامل نہ ہوں-
بلدیاتی کونسلوں نے یہ بھی طے کیا ہے کہ کسی بھی پارک یا ساحل کی چالیس فیصد تک گنجائش کے ہی دائرے میں شہریوں کو سیرکے لیے آنے کی اجازت ہوگی- کار پارکنگ کی گنجائش  50 فیصد تک استعمال کی جائے گی- ساحلوں اور پارکوں میں نشستوں کے درمیان مناسب فاصلے کی پابندی بھی کرنا ہوگی-
پارک اور ساحل آنے والوں کا درجہ حرارت، حفاظتی ماسک، دستانوں اور سماجی فاصلے کی پابندی سیکیورٹی عملہ کرائے گا-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: