دبئی میں میریکل پارک یکم نومبر جمعہ سے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ اس پارک میں اصلی پھولوں کی انتہائی خوبصورت انداز میں نمائش کی گئی ہے۔ اسے دنیا کے سب سے بڑے قدرتی پھولوں کے باغ کا درجہ دیا گیا ہے۔
قدرتی پھولوں سے لدا آٹھویں سیزن کا یہ پارک آئندہ چھ ماہ تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔
گلف ٹوڈے کے مطابق یہ پارک دبئی لینڈ کے مرکز میں 72 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ 120 اقسام اور مختلف نوعیت کے 50 ملین سے زیادہ پھولوں سے سجائے گئے اس پارک میں سحر انگیز عجوبے آنے والوں کو خوشبودار ماحول فراہم کریں گے۔
دبئی میریکل گارڈن کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں چوتھی مرتبہ شامل کیا جائے گا۔
اس مرتبہ عجوبہ باغ میں بہت سے تصورات کی عکاسی کی جا رہی ہے جس میں خاص طور پر ایک خاتون کوتازہ پھولوں سے لاد دیا گیا ہے۔ بہت سے دیگر عجوبہ کے ساتھ ساتھ امارات ائیرلائن کے طیارے کو بھی پھولوں میں لپیٹ دیا گیا ہے۔
بچوں کی تفریح کے لیے مکی ماﺅس کے 18 میٹر قامت کے مجسمے بھی پھولوں سے لادے گئے ہیں۔
عقل کو دنگ کر دینے والے اس پارک کی انتظامیہ نے حیرت انگیز نظارے تخلیق کیے ہیں۔ پھولوں کی اس دیدہ زیب دنیا میں آنے والوں کے لیے ایک جدید ٹیکنالوجی کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے جو نظاروں کو چار چاند لگا دے گی۔
اس عجوبہ پارک کو یکم نومبر 2019ء سے عوام کے لیے روزانہ صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھولا جائے گا جبکہ جمعہ اور ہفتہ کے روز رات 11 بجے تک کھلا رہے گا۔
پارک میں داخلہ کا ٹکٹ 55 درھم رکھا گیا ہے، 12 سال تک کے بچوں کے لیے 40 درھم کا داخلہ ٹکٹ ہے جبکہ 3 سال تک عمر کے بچوں کے لیے داخلہ مفت ہو گا۔