ساحل کا ماحول انتہائی صحت بخش اور محفوظ ہے۔ فوٹو الامارات الیوم
متحدہ عرب امارات کے السلع شہر میں خاص خواتین کے لیے پہلا ساحل کھولا گیا ہے۔ یہ السلع بندرگاہ کے قریب واقع ہے اور 18 ہزار تین سو مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔
ابوظبی عوامی خدمات کمپنی ’مساندہ‘ نے خواتین کے لیے ساحل کا منصوبہ الظفرة بلدیاتی کونسل کے تعاون سے نافذ کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی کی کمپنی مساندہ نے واضح کیا ہے کہ ساحل کے لیے 8 عمارتیں تعمیر کی گئیں۔ ان کا مجموعی رقبہ 790 مربع میٹر ہے۔ ان عمارتوں میں دفاتر ،کوسٹ گارڈز اور امدادی ٹیموں کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
کار پارکنگ، ویٹنگ روم ، خواتین کے لیے دو استقبالیہ ہال، مختلف قسم کے ریستوران، ساحل آنے والی خواتین کی دلچسپی کی اشیا فروخت کرنے والی دکانیں اور آرام و راحت فراہم کرنے والے مراکز کھولے گئے ہیں۔
ابوظبی کمپنی مساندہ کے مطبق ساحل کا منصوبہ بین الاقوامی معیار پر بنایا گیا ہے۔ یہاں خواتین کے لیے اعلیٰ ترین تفریحی سہولتوں کا انتظام کیاگیا ہے۔ ساحل کا ماحول انتہائی صحت بخش اور محفوظ ہے۔
یہاں پرائیویسی کا انتہا درجے خیال رکھا گیا ہے۔ امارات کے روایت پسند معاشرے کے رسم و رواج کا لحاظ کیا گیا ہے۔ خواتین آزادی اور اطمینان سے اپنا اچھا وقت گزار سکتی ہے۔