Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ساھر‘ سسٹم تباہ کرنے والوں کی تلاش جاری

ساھر کیمروں کا مقصد لوگوں کی جان و مال کی حفاظت ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے والے خودکار سسٹم ’ساھر‘ سے نالاں نامعلوم افراد نے تربہ کمشنری میں ایک سسٹم کو ندز آتش جبکہ دوسرے کو توڑ دیا تھا۔
پولیس ملزمان کو تلاش کر رہی ہے تا کہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔ مقامی ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق ٹریفک حادثات کی روک تھام کےلیے سعودی عرب کے تمام شہروں اور اہم شاہراہوں پرتیز رفتاری اور خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کے لیے خود کار سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔

رفتارکنٹرول کرنے کےلیے کیمرے لگائے گئے ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)

اس خود کار سسٹم کے ذریعے تیز رفتارگاڑیوں کا فوری چالان کیا جاتا ہے۔ انتہائی حساس کیمرے اوور سپیڈنگ کرتی گاڑیوں کی تصاویر اتار کران کی نمبر پلیٹ کے ذریعے گاڑی کے مالک کے خلاف چالان کر دیا جاتا ہے۔
ٹریفک خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے والے حساس کیمرے ادارہ ٹریفک کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہیں، جہاں چالان کی تفصیلات کمپیوٹر کو ارسال کی جاتی ہیں اور وہاں سے گاڑی کے مالک کے موبائل پر چالان ارسال کر دیا جاتا ہے۔

ساھر سسٹم کی وجہ سے لوگ گاڑیوں کی رفتار کم رکھتے ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)

واضح رہے سعودی عرب میں شہروں کے درمیان شاہراہوں پررفتار کی انتہائی حد میں اضافہ کر کے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کے بجائے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کردیا گیاہے جبکہ بعض شہروں کے اندر بھی حد رفتار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود بعض ڈرائیور انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہیں جس سے سنگین حادثات رونما ہوتے ہیں۔
حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے ساھرسسٹم نصب کیا گیا ہے جس کا مقصد لوگوں کو قوانین کی اہمیت اور افادیت سے روشناس کراتے ہوئے ان پر عمل کروانا ہے۔

نمبر پلیٹ کے ذریعے گاڑی کے مالک کے خلاف چالان کیا جاتا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

تربہ کمشنری، جہاں حال ہی میں ساھر کیمرے لگائے گئے تھے وہاں حد رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی گئی تھی کیونکہ ماضی میں اس مقام پر کافی حادثات ہوا کرتے تھے، لیکن جب رفتار کو کنٹرول کرنے کے لیے کیمرے لگائے گئے تھے حادثات میں کمی ہوگئی تھی۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ساھر سسٹم کی وجہ سے لوگ گاڑیوں کی رفتار کو کم رکھا کرتے تھے مگر بعض افراد کی جانب سے کیمروں سے بچنے کے لیے مختلف طریقے نکالے گئے جن میں گاڑی کی نمبر پلیٹ پر ٹیپ لگانے کے علاوہ اگلی نمبر پلیٹ کو نکلا دینا بھی شامل ہے۔

سسٹم کو نقصان پہنچانے والوں کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔(فوٹو سبق)

اس ضمن میں ریجنل ٹریفک پولیس ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ساھر کیمروں کا مقصد لوگوں کی جان و مال کی حفاظت ہے کیونکہ تیز رفتاری کی وجہ سے سنگین حادثات ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کمیرے نصب کیے گئے ہیں ۔
ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ سسٹم کو نقصان پہنچانے والوں کو جلد ہی گرفتار کر کے قانون کے حوالے کیا جائے گا۔
 

شیئر: