سعودی آرامکو نے جولائی کے لیے پٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے
سعودی آرامکو نے جولائی کے لیے پٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے بعد بھی ایک ہفتے کے لیے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔
سبق اور سعودی پریس ایجنسی( ایس پی اے) کے مطابق جولائی کے لیے پٹرول 91 کی نئی قیمت اب ایک ریال 29 ہللہ ہوگی ۔یکم جولائی کو پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بعد اس کی قمیت 98 ہللہ فی لٹر تھی۔
جبکہ 95 پٹرول کی نئی قیمت ایک ریال 44 ہللہ فی لٹر مقرر کی گئی ہے ۔ یکم جولائی کو اس کی قیمت ایک ریال ہللہ 18 تھی۔
ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 70 ہللہ فی لٹر ہوگی۔
سعودی آرامکو کے اعلامیہ کے مطابق نئے نرخ ہفتہ 11 جولائی سے نافذ العمل ہوں گے-
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب میں پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں۔عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اس میں ردوبدل کیا جا تا ہے۔
واضح رہے کہ آرامکو نے اعلان کیا تھا اب ہر ماہ کی دس تاریخ کو پٹرول کے نرخوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ اس کا اطلاق ہر ماہ کی گیارہ تاریخ سے ہوگا۔