Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی معیشت کورونا کے اثرات سے نکلنے میں کامیاب‘

وزیر صنعت نے انٹرنیشنل اکنامک فورم کے وڈیو اجلاس سے خطاب کیا ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا ہے کہ ’سعودی معیشت کورونا بحران سے نمٹنے اور اس کے اثرات سے نکلنے میں کامیاب رہی ہے‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق’ کورونا وبا کے دوران وزارت صنعت و معدنیات کے اقدامات ‘ کے  زیر عنوان انٹرنیشنل اکنامک فورم کے وڈیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الخریف نےکہاکہ’ کورونا بحران ہمارا حقیقی امتحان تھا۔  سرکاری اداروں نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے‘۔
وزارت صنعت و معدنیات نے بحران کے دوران اپنی سکیموں کا نیا ڈھانچہ ترتیب دیا ہے۔ کوشش کی گئی کہ قومی معیشت اور شہریوں کی خوشحالی کے لیے بحران کے زمانے میں بہتر اقدامات کیےجائیں۔ غیرمعمولی تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کرنا بڑا چیلنج تھا۔ سعودی معیشت اس چیلنج پر پوری اتری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کے سرکاری اداروں نے کورونا سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے سلسلے میں بہترین کارکردگی اور استعداد کا مظاہرہ کیا‘۔

سرکاری اداروں نے بہترین کارکردگی اور استعداد کا مظاہرہ کیا۔(فائل فوٹو روئٹرز)

آن لائن اجلاس میں سعودی عرب اور دنیا کے مختلف ملکوں کے سرکاری و نجی اداروں کے اعلی عہدیدار شریک ہوئے۔
وزیر صنعت نے مزید کہا کہ بحران کے آغاز ہی سے سعودی حکومت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کو اولیں ترجیح کے طورپر لیا پھر معیشت کے تحفظ اور گزشتہ برسوں کے دوران حاصل کامیابیوں کو بچانے اور بڑھانے پر توجہ دی گئی۔
بندر الخریف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی بڑی کوشش یہ تھی کہ نجی اداروں کو کیش مسائل نہ پیش آئیں۔ صنعتی ادارے نے کھانے پینے کی اشیا اور ادویہ کی فراہمی میں اعلی کارکردگی دکھائی۔
وزیر صنعت نے کہا کہ سعودی وژن 2030 کے رجحانات کو نئے بحران نے تقویت پہنچائی۔ مواصلات کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے نے بڑا فائدہ پہنچایا۔ اس کی بدولت تعلیم، صحت، روزگار، سرکاری اور معاشی ادارے موثر شکل میں کام کرتے رہے۔

شیئر: