متاثرہ شخص نے خود کو اپنے کمرے تک محدود رکھا۔ (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقررہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کورونا وائرس کے متاثرہ شخص نے اپنے گھروالوں کو اس مہلک مرض سے بچا لیا۔
کورونا سے بچاؤ کےلیے سماجی دوری کے اصول پر عمل کرتے ہوئے مملکت کے مشرقی ریجن میں ایک کووڈ 19 کے مریض کو جب یہ معلوم ہوا کہ وہ اس وبائی مرض کا شکار ہو چکا ہے تو اس نے وزارت صحت کے ضوابط پر عمل شروع کرتے ہوئے خود کو ’کورنٹائن‘ کرلیا جس کی وجہ سے گھر کے سات افراد اس مرض سے محفوظ رہے۔
ویب نیوز عاجل نے وزارت صحت کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس کے حوالے سے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے خود کو اپنے کمرے تک محدود رکھا جس کی وجہ سے اس کے گھر والے بھی محفوظ رہے اگر وہ شخص اپنے مرض سے لاعلم رہتا تو دیگر افراد بھی کورونا کا شکار ہو جاتے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی مد میں سب سے اہم سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا ہے جس کے سبب اس مہلک مرض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے سنیچر 18 جولائی کو وبائی مرض کورونا کے حوالے سے جاری ہونے والے اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہی دن میں جن دو ہزار پانچ سو 65 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں 39 فیصد خواتین، 61 فیصد مرد شامل ہیں جن میں سے معمر افراد کا تناسب چھ فیصد جبکہ 10 فیصد بچے اور 84 فیصد بالغ افراد ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں