معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے پر متعدد افراد کو جرمانہ
’معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں گاڑی کھڑی کرنا منع ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ ٹریفک نے معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار 261 افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’ملک بھر میں مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں خاص طور پر معذوروں کی پارکنگ استعمال کرنے والوں کو جرمانہ کیا ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں تھوڑی دیر کے لیے گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔‘
’بعض لوگ دکانوں کے سامنے پارکنگ نہ ملنے پر معذور افراد کی جگہ میں گاڑی پارک کردیتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ چند منٹ میں وہ واپس آکے پارکنگ خالی کردیں گے، انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ معذور افراد کی جگہ کو چند منٹ کے لیے استعمال کرنا ہی خلاف ورزی ہے۔‘
’تمام ڈرائیوروں کو چاہیے کہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور معاشرے کے اس طبقے کے ساتھ خاص رعایت کریں جس کے لیے پارکنگ مختص کی ہوئی ہے۔‘
محکمے نے واضح کیا ہے کہ ’معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کی خلاف ورزی پر صرف جرمانہ ہی نہیں ہوتا، بعض حالات میں گاڑی ضبط بھی کی جاتی ہے۔‘