عالمی سطح پر سونے کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی
عالمی سطح پر سونے کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی
پیر 27 جولائی 2020 17:17
امریکی فیڈرل ریزرو میں ڈالر کی قیمتوں میں کمی جیسے نرم اقدامات کیے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
امریکہ اور چین کے کشیدہ تعلقات کے پیشِ نظر پیر کو سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فیڈرل ریزرو میں ڈالر کی قیمتوں میں کمی جیسے نرم اقدامات کیے ہیں تاہم سونے کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ ایک اونس کی قیمت 1944.71 ڈالر تک جا چکی ہے جو کہ 2011 کی بلند ترین سطح 1921.18 ڈالر سے کئی گنا زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا کے دو طاقتور ممالک امریکہ اور چین کے تعلقات کے منفی موڑ پر آنے کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو بھی دھچکا لگا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی سفارتی کشیدگی کے دوران شینگدو شہر میں امریکی قونصل خانے کے باہر سکیورٹی سخت کی دی گئی تھی جبکہ عملہ عمارت کو خالی کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔
سنیچر کو شینگدو میں امریکی قونصل خانے سے سٹاف سرکاری علامات ہٹاتے دیکھا گیا۔
چین نے امریکہ کی جانب سے ہیوسٹن شہر میں اپنے قونصل خانے کو بند کرنے کے جوابی اقدام کے طور پر شینگدو میں امریکی قونصل خانے کے سٹاف کو پیر تک عمارت خالی کرنے کے لیے کہا ہے۔
امریکہ نے چین کے قونصل خانے کے عملے پر معلومات اور اطلاعات چرانے کا عائد کیا تاہم کسی خاص واقعے کی نشاندہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ہیوسٹن کے قونصل خانے کو بند کیا گیا۔