ریاض میں غیرملکی ورکرز سے لوٹ مار، ملزم گرفتار
منگل 28 جولائی 2020 17:56
ملزم سپاہی کے بھیس میں غیرملکیوں کی گاڑیاں روکتا تھا۔( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے دارالحکومت کے دو محلوں میں غیر ملکی ورکرز کو لوٹنے والے بہروپیے کو گرفتارکیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کے ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ سعودی شہری جو عمر کے چوتھےعشرے میں ہے سپاہی کے بھیس میں غیرملکی ورکرز کی گاڑیاں روکتا تھا۔ مسروقہ گاڑی میں ریاض کےالسویدی اور منفوحہ محلوں میں غیرملکی ورکرز سے نقدی اورقیمتی اشیا لوٹ رہا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ بہروپیے نے پہلے تو سیکیورٹی فورس کو دیکھ کر مزاحمت اور پھر بھاگنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکہ بندی کرکے اسے قابو کرلیا ۔اس کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی، مقامی کرنسی اور دو موبائل سیٹ برآمد کرلیے۔
زیر استعمال گاڑی بھی ضبط کرلی گئی۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے لیے اسے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا۔