حاجیوں کو جمرات کے پل لانے کے لیے گالف گاڑیوں کا انتظام ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
اس سال حج میں جمرات کی رمی زمینی اور تیسری منزل سے کرائی جائے گی۔ دونوں منزلوں پر رمی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ حاجیوں کو رہائش سے جمرات کے پل لانے کے لیے گالف گاڑیوں کا انتظام ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ پروجیکٹس اتھارٹی چیئرمین کے مشیر انجینیئر علا النفیعی نے جمرات کے پل کا دورہ کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔
انجینیئر علا النفیعی نے بتایا کہ جمرات کی رمی کے وقت سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے علامتیں چسپاں کردیں۔
پل پر ہجوم کا مسئلہ حل کرنے کے لیے حاجیوں کو گروپوں میں خاص روٹس سے بھیجا جائے گا۔ واپسی بھی اسی طرح ہوگی۔
مشاعر مقدسہ پروجیکٹس اتھارٹی چیئرمین کے مشیر نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں واش رومز کمپلیکس کا دورہ کیا۔ حاجیوں کو واش روم اْتے جاتے وقت سینیٹائزر اور حفاظتی ماسک فراہم کیے جائیں گے۔
النفیعی نے بتایا کہ منی، عرفات اور مزدلفہ میں موسم کو خوشگوار بنانے ، سڑکوں کا درجہ حرارت کم کرنے کے لیے پھوار کا انتظام ہوگا۔ اس حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل ہیں۔