مسجد الحرام میں ماحول دوست سینیٹائزر استعمال کیے جارہے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں طواف افاضہ کے بعد مسجد الحرام کی دھلائی، صفائی اور اس کے ایک، ایک حصے کی سینیٹائزنگ کردی گئی ہے۔
خانہ کعبہ کے اطراف، طواف کے صحن اور خارجی صحنوں کو پہلے دھویا گیا اور پھر سینیٹائز کیا گیا ہے
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ انتظٓامیہ نے سب لوگوں کے تعاون سے مسجد الحرام کے ایک ایک حصے کی صفائی، دھلائی، سینیٹائزنگ اور معطر کرنے کا کام احسن طریقے سے انجام دیا۔ حرم شریف کے اندرونی اور بیرونی تمام صحنوں کو بھی بہت اچھے سے دھویا گیا۔ طواف افاضہ ختم ہوتے ہی یہ کارروائی انجام دی گئی۔
السدیس کا کہنا تھا کہ کورونا وبا شروع ہونے کے بعد سے مسجد الحرام میں ماحول دوست سینیٹائزر استعمال کیے جارہے ہیں۔ روزانہ حرم شریف کو دس بار دھویا جارہا ہے تاکہ خانہ کعبہ مکمل طور پر سینیٹائز رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہمارا موٹو ہے کہ ’ہم سب محتاط ہیں‘۔ اس موٹو کے تحت تمام حفاظتی اقدامات عمدہ طریقے سے کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے کورونا وائرس وبا کی وجہ سے اس سال کا حج موسم غیرمعمولی ہے۔ اس کے لیے غیرمعمولی صحت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ، حجاج کرام کی خدمات پر مامور تمام سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی پیدا کیے ہوئے ہے خصوصا وزارت داخلہ، ریاستی سلامتی کی پریذیڈنسی، وزارت صحت، ہلال احمر اور وزارت حج و عمرہ کے ساتھ مل کر انتظامات کیے جارہے ہیں۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ کے سربرا نے کہا کہ سعودی عرب نے محدود حج کا فیصلہ کرنے کے باوجود حجاج کی خدمات میں کمی نہیں بلکہ اضافہ کیا ہے۔ ہر ادارے کی بھرپور کوشش ہے کہ پورا حج موسم وبا اور ہر طرح کے امراض سے پاک و صاف رہے۔