دھوئیں کے بادل میلوں دور سے دکھائی دے رہے تھے (فوٹو، ایس پی اے)
ریاض کے علاقے ’ المصانع ‘ کے دو گوداموں میں لگی آگ پر قابو پا لیاگیا تاہم جائے وقوعہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ ایس پی اے‘ نے شہری دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی متعلقہ ادارے تحقیقات کررہے ہیں۔
شہری دفاع کا کہنا تھا کہ متاثرہ گودام میں پلاسٹک کا سامان جبکہ دوسرا ٹائروں کا تھا جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور اس پر قابو پانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹائروں کی وجہ سے سیاہ دھوئیں کے بادل میلوں دورسے دکھائی دے رہے تھے جبکہ اطراف کا علاقہ بھی دھوئیں سے بھر گیا تھا۔
شہری دفاع کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فوری طور پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متاثرہ گودام اوران کے اطراف دوسرے گوداموں کو بچانے کےلیے مخصوص سپرے کردیا تاکہ آگ کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
آگ بجھانے کی کارروائی میں فائر فائٹرزنے ہیوی مشنری بھی استعمال کی جبکہ شہری دفاع کے اضافی واٹر ٹینکرز کو بھی استعمال میں لایا گیا۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات کی کولنگ کا عمل جاری ہے جس کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کےلیے گوداموں کو متعلقہ ادارے کے سپرد کیا جائے گا جو اپنی کارروائی کریں گے۔